کے سی آر کی ہدایت پر ساحلی آندھرا میں برقی سربراہی بحال کرنے ساز و سامان کی فراہمی
حیدرآباد 14 اکٹوبر (سیاست نیوز) ریاست آندھراپردیش میں طوفان ہدہد سے پیش آئے نقصانات اور تباہ کاریوں پر حکومت تلنگانہ نے حکومت آندھراپردیش کے لئے 18 کروڑ روپئے مالیتی برقی اشیاء فراہم کرتے ہوئے فراخدلانہ مدد کی ہے۔ چیف منسٹر ریاست تلنگانہ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے آندھراپردیش کے بعض مقامات پر پیش آئے جانی و مالی نقصانات پر اپنے گہرے دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور چیف سکریٹری تلنگانہ ڈاکٹر راجیو شرما کو ساحلی آندھرا اضلاع میں برقی سربراہی کو بحال کرنے کیلئے فی الفور درکار برقی اشیاء حکومت آندھراپردیش کو فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ ان ہدایات کی روشنی میں حکومت تلنگانہ کے متعلقہ اعلیٰ عہدیداروں نے حکومت آندھراپردیش کیلئے 18 کروڑ روپئے مالیتی برقی اشیاء کی فراہمی کا فیصلہ کیا اور زائداز 500 برقی ٹرانسفارمرس، 28,500 برقی کھمبے اور 900 مربع کیلو میٹر طویل برقی تار روانہ کرنے کے اقدامات کئے۔ بتایا جاتا ہے کہ آندھراپردیش کے ساحلی اضلاع میں برقی سربراہی تقریبا منقطع ہوچکی ہے جس کے باعث عوام کافی مسائل و مشکلات سے دوچار ہیں لہذا وہاں پر فی الفور برقی سربراہی کی بحالی کیلئے مؤثر اقدامات کرنے کے مقصد سے حکومت تلنگانہ کے برقی شعبہ کے عہدیداروں نے مذکورہ برقی اشیاء فراہم کرنے کیلئے پہل کی ہے۔ چیف منسٹر نے جو اتوار کو وشاکھاپٹنم میں طوفان کے وقت نئی دہلی میں موجود تھے ، تلنگانہ کے چیف سکریٹری اور دیگر عہدیداروں کو ہدایت کی تھی کہ پڑوسی ریاست کے مصیبت زدہ عوام کی ممکنہ مدد کے انتظامات کئے جائیں۔