مساجد میں پانی داخل ، ایرپورٹ مسافرین کو بھی مشکلات
شمس آباد ۔ 3 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : کل شام میں اچانک طوفانی بارش کی وجہ سے شمس آباد اور راجندر نگر میں مکانات کو نقصان پہنچا اور مساجد میں بھی پانی داخل ہوگیا ۔ شمس آباد نیشنل ہائی وے تالاب میں تبدیل ہوگیا تھا ۔ جس کی وجہ سے مسافرین کو خاص کر ایرپورٹ جانے والے مسافرین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ موسم کی خرابی کی وجہ سے کئی فلائٹس کو تاخیر سے پرواز کرنا پڑا ۔ شمس آباد کے موضع جو کل کے ایراکنٹہ تانڈہ کے کئی مکانات میں پانی داخل ہوگیا ۔ جس کی وجہ سے مکینوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور انہیں رات بھر مکانات سے پانی نکالتے دیکھے گئے ۔ اطلاع ملتے ہی شمس آباد تحصیلدار سریش کمار ، انسپکٹر کرشنا پرساد ، و دیگر عہدیداروں نے مقام کا معائنہ کیا اس کے علاوہ سرپنچ سنجیوا ، سابق سرپنچ سرینواس ریڈی ، رامو نائک نے مقام پر پہنچ کر تحصیلدار سے ایرا کنٹہ تانڈہ کے عوام کو تمام سہولیات اور حکومت کی جانب سے ایکس گریشیا دینے کا مطالبہ کیا ۔ راجندر نگر کے علاقہ پلر نمبر 190 کے قریب واقع ہیپی ہومس ٹاورس ، مسجد مدینہ اور مسجد الہٰی میں بارش کا پانی داخل ہوگیا ۔ مساجد میں پانی داخل ہونے سے قرآنی نسخہ پانی میں ڈوب گئے ۔ مساجد کی کمیٹی اور ٹی آر ایس قائدین نے جی ایچ ایم سی عہدیداروں کو طلب کیا اور گاڑی کے ذریعہ مساجد میں داخل پانی کو نکالا گیا ۔ سید مزمل احمد راجندر نگر ڈیویژن نائب صدر ، سید شمشاد قادری آل انڈیا تھنک ٹینک اسوسی ایشن صدر ، سید تفضل احمد ، محمد فاروق کے علاوہ دیگر قائدین نے معائنہ کرتے ہوئے جی ایچ ایم سی عہدیداروں سے مطالبہ کیا کہ راجندر نگر کے علاقوں میں بہتر انتظامات کرتے ہوئے پانی کے بہاؤ کے لیے راستہ بنائے اور احتیاطی انتظامات کریں ۔۔
ڈیزاسسٹر مینجمنٹ ٹیم تشکیل دینے ورکشاپ
حیدرآباد ۔ 3 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : ڈاکٹرس اسوسی ایشن فار ریلیف اینڈ ایجوکیشن (DARE) کی جانب سے شہر حیدرآباد کی سطح پر ہنگامی حالات سے نمٹنے ڈیزاسسٹر مینجمنٹ ٹیم تشکیل دینے کے لیے مرحلہ وار انداز میں ڈاکٹرس اور اس شعبہ سے وابستہ نوجوانوں کو تربیت دینے کے لیے ایک کل یومی ورکشاپ 8 اکٹوبر اتوار صبح 9 بجے تا شام 5 بجے بمقام ایم این کنونشن سنٹر روبرو اولیو ہاسپٹل لنگر حوض منعقد کیا جارہا ہے ۔ جس کے لیے درخواستیں مطلوب ہیں ۔ یہ درخواستیں DARE آفس ہمایوں نگر سے دوپہر 2 بجے تا شام 8 بجے حاصل کی جاسکتی ہیں ۔ شرکاء کو سرٹیفیکٹس بھی دئیے جائیں گے ۔ مزید تفصیلات کے لیے 9989690157 ۔ 9700193674 پر ربط کریں ۔۔