تحریک تلنگانہ کے طلبہ کی قربانی حکومت سے فراموش ، جیون ریڈی کانگریس قائد کا الزام
حیدرآباد ۔ 26 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کے قائدین نے طلبہ کے خوف سے عثمانیہ یونیورسٹی کے تاریخی صد سالہ تقاریب سے خطاب نہ کرنے کا چیف منسٹر اور گورنر پر الزام عائد کیا ۔ کانگریس کے سینئیر رکن اسمبلی سابق وزیر ٹی جیون ریڈی نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل میں زندگیاں اور تعلیم کو قربان کرنے والے طلبہ کی فلاح و بہبود اور بیروزگاری کو دور کرنے کے لیے چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے کوئی اقدامات نہیں کئے ۔ جس سے نوجوان طبقہ اور طلبہ برادری میں چیف منسٹر کے خلاف غم و غصہ کی لہر پائی جاتی ہے ۔ اس کو محسوس کرتے ہوئے علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے تین سال بعد عثمانیہ یونیورسٹی میں قدم رکھنے والے چیف منسٹر کے سی آر اور گورنر نرسمہن نے تاریخی صد سالہ تقریب میں صدر جمہوریہ کی موجودگی میں طلبہ سے خطاب کرنے کی جرات بھی نہیں کی ہے ۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ٹی آر ایس حکومت کتنے نازک دور سے گذر رہی ہے ۔ طلبہ سے چیف منسٹر کتنے خوفزدہ ہیں اس کا پتہ چلتا ہے ۔ جیون ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس کے دور حکومت میں صد سالہ تقریب کی ضامن بننے والی تاریخی عثمانیہ یونیورسٹی نیاک گریڈنگ سے محروم ہوگئی ہے ۔ تلنگانہ کے عوام میں چیف منسٹر اور ٹی آر ایس حکومت کے خلاف ناراضگی پائی جاتی ہے ۔ پولیس کی طاقت کا بیجا استعمال کرتے ہوئے عوامی تحریکات کو دبانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ سابق رکن پارلیمنٹ پونم پربھاکر نے کہا کہ ریاست میں ٹی آر ایس حکومت کس دور سے گذر رہی ہے ۔ اس کا اندازہ چیف منسٹر کو عثمانیہ یونیورسٹی میں ہوچکا ہے ۔ طلبہ کے ڈر و خوف سے تاریخی عثمانیہ یونیورسٹی کے صد سالہ تقاریب میں خطاب کرنے سے چیف منسٹر محروم ہوچکے ہیں ۔ وہ عثمانیہ یونیورسٹی کے طالب علم اور طلبہ تنظیم این ایس یو آئی کے ریاستی صدر رہ چکے ہیں اور سابق رکن پارلیمنٹ ہونے کا بھی انہیں اعزاز حاصل ہے باوجود اس کے خوف سے انہیں صد سالہ تقاریب میں مدعو نہیں کیا گیا ۔ طلبہ کے موقف کی وہ بھر پور تائید کرتے ہوئے پونم پربھاکر نے طلبہ کی ناراضگی کو حق بجانب قرار دیا ۔ ملک کے جلیل القدر عہدے پر فائز صدر جمہوریہ کی موجودگی میں چیف منسٹر کا خطاب نہ کرنا ان کے ڈر و خوف کو ظاہر کرتا ہے ۔ یونیورسٹیز کی صورتحال ، ملازمتوں کی فراہمی ، فیس ری ایمبرسمنٹ کے بقایا جات کی عدم اجرائی ، تلنگانہ کے لیے ربانی دینے والے عوام کی فلاح و بہبود کے تعلق سے سوالات اٹھنے کے ڈر سے چیف منسٹر نے اہم موقع پر خطاب بھی نہیں کیا ۔۔