مغربی بنگال بی جے پی اقلیتی مورچہ کانفرنس کا اہم موضوع
نئی دہلی؍ لکھنؤ۔ 22 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) طلاق ثلاثہ کے عمل کو فوجداری و مجرمانہ قرار دینے کا مسئلہ 25 اور 26 ستمبر کو کولکتہ کے مہیشوری بھون میں منعقد شدنی بی جے پی اقلیتی مورچہ کانفرنس کے اہم موضوعات میں شامل ہیں۔ بی جے پی کے ذمہ داروں نے کہا ہے کہ مجوزہ کانفرنس میں بی جے پی کارکنوں کو مہم چلانا کی تربیت دی جائے گی۔ طلاق ثلاثہ پر مرکز کی طرف سے آرڈیننس کی اجرائی کے بعد بی جے پی کے ریاستی اقلیتی مورچہ نے اس مسئلہ پر مسلمانوں میں مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ مغربی بنگال بی جے پی اقلیتی مورچہ کے صدر علی حسین نے کہا کہ ’’طلاق ثلاثہ کے مسئلہ پر ہمیں ماضی میں مسلمانوں سے زبردست ردعمل ملا ہے۔ مرکزی حکومت اب آرڈیننس جاری کرچکی ہے جس سے تین طلاق کے طریقہ سے مطلقہ خواتین کو ایک نیا حوصلہ ملا ہے۔ آرڈیننس سے ظاہر ہوگیا ہے کہ نریندر مودی حکومت خواتین کا بااختیار بنانے کے عہد کی پابند ہے۔ علی حسین نے مزید کہا کہ ’’ہمارا مقصد مسلم خواتین تک رسائی اور انہیں اس بل کے بارے میں سمجھانا ہے‘‘۔