طرابلس۔30 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) خانہ جنگی کے شکار شمالی افریقی ملک لیبیا کے دارالحکومت طرابلس پر کیے گئے فضائی حملوں میں کم از کم چار افراد کے مرنے کی تصدیق کی گئی ہے۔ اس حملے میں 37 شہری زخمی ہوئے ہیں۔ لیبیا کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت نے ہوائی حملوں کا الزام خلیفہ حفتر کی نیشنل آرمی پر عائد کیا ہے۔ حکومت نے کہا کہ خلیفہ حفتر کی فوج کے جنگی جہازوں کے حملوں میں ہلاک ہونے والے چاروں افراد عام شہری ہیں۔
امریکہ کے ڈپٹی اٹارنی جنرل نے استعفا دے دیا
واشنگٹن۔30 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکی وزارت انصاف کے ڈپٹی اٹارنی جنرل راڈ روزنسٹائن نے اپنے منصب سے استعفا دے دیا ہے۔ انہوں نے ہی 2016 کے ملکی صدارتی انتخابات میں روسی حکومت اور موجودہ صدر کی انتخابی مہم کے مبینہ رابطوں کی تفتیش کیلئے خصوصی تفتیش کار رابرٹ مُولر کو تعینات کیا تھا۔ وہ 11 مئی کو اپنے دفتر کو خیرباد کہہ دیں گے۔ روزنسٹائن کے بارے میں یہ کہا جا رہا تھا کہ وہ رواں برس مارچ میں اپنا منصب چھوڑنے والے تھے۔ اُن کی جگہ پر امریکی صدر ٹرمپ نے پہلے ہی جیفری روزن کو نامزد کر رکھا ہے۔