نئی دہلی۔ یکم فروری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کی شمال مشرقی ریاست اروناچل پردیش کے ایک رکن اسمبلی کے بیٹے اور دہلی یونیورسٹی کے ایک طالب علم کو گزشتہ روز نئی دہلی میں زدوکوب سے ہلاک کئے جانے کے واقعہ پر دارالحکومت میں پولیس کی لاپرواہی اور نسل پرستی کے خلاف احتجاج کیا جارہا ہے۔ دہلی پولیس اسٹیشن کے باہر ہزاروں افراد نے مظاہرہ کیا اور نفرت پر مبنی جرم کے مرتکبین کے خلاف قانونی کارروائی کرکے انہیں کیفر کردار تک پہونچانے کا مطالبہ کیا۔
اروند کجریوال نے واقعہ اور پولیس کی کارروائی کی مجسٹریٹ سے تحقیقات کا اعلان کیا۔ پولیس نے جمعہ کی شب دو دوکانداروں کو حراست میں لیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا۔ بیان کیا جاتا ہے کہ دو دوکان داروں نے نیڈو تانیا کے ہیر اسٹائیل اور اس کے جسمانی ڈیل ڈول کا مذاق اُڑایا تھا جس پر اعتراض کے بعد بحث کے دوران اس کو زدوکوب کیا گیا تھا اور جمعرات کو وہ اپنے کمرہ میں مردہ پایا گیا۔