طالب علمی کا دور زندگی کا اہم دور ہوتا ہے

سری نیدھی انسٹی ٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹکنالوجی کے اورینٹیشن پروگرام سے نودیپ سنگھ کا خطاب
حیدرآباد ۔ یکم ۔ اگست : ( پریس نوٹ ) : سری نیدھی انسٹی ٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹکنالوجی کا 20 واں اورینٹیشن پروگرام 31 جولائی کو سری نیدھی کیمپس ، گھٹکیسر میں منعقد ہوا جس میں تلنگانہ کے سینئیر پولیس آفیسر مسٹر نودیپ سنگھ آئی پی ایس نے سال اول کے طلبہ اور اولیاء طلباء سے مخاطب کیا ۔ انہوں نے کہا کہ طالب علمی کا دور زندگی کا اہم دور ہوتا ہے اور اس دور میں طلبہ کو محنت اور لگن کے ساتھ اپنے خوابوں کو پورا کرنے پر توجہ دینا چاہئے ۔ انہوں نے طلبہ سے کہا کہ وہ کھلا ذہن رکھیں اور اپنی طاقت اور کمزوری جاننے کی کوشش کریں ۔ اپنی طاقت اور توانائی سے بھر پور استفادہ کریں اور کمزوریوں پر قابو پائیں ۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ اس پروفیشن کو اختیار کریں جس میں وہ دلچسپی رکھتے ہیں اس سے ان کی کامیابی کے مواقع ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں والدین کی ذمہ داری بڑھ گئی ہے ۔ والدین کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ ان کے بچوں کے مسائل معلوم کریں اور ان کی مدد کریں کیوں کہ بچوں کے لیے فیملی سپورٹ کی بڑی اہمیت ہوتی ہے ۔ پیرینٹس بچوں کی بہتر انداز میں رہنمائی کریں ۔ مسٹر سید قریشی ڈپٹی کمشنر اکسائز اینڈ انفورسمنٹ نے اپنے خطاب میں اولیاء طلباء پر زور دیا کہ وہ بچوں کو اخلاقی اقدار سکھائیں ۔ اس پروگرام کے مہمان خصوصی ڈاکٹر اے گوردھن ، پرنسپل جے این ٹی یو ایچ سی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ نہ صرف تعلیم بلکہ گیمس اور اسپورٹس میں بھی اچھا مظاہرہ کریں ۔ اس موقع پر مسٹر پردیپ راؤ ، سپرنٹنڈنٹ اکسائز اینڈ انفورسمنٹ ملکاجگیری ، ڈاکٹر پی نرسمہا ریڈی ایگزیکٹیو ڈائرکٹر ، ڈاکٹر کے سومنت پرنسپل ، ڈاکٹر پی وینکٹ ریڈی ہیڈ آف سائنس اینڈ ہیومانٹیز نے بھی مخاطب کیا ۔۔