طالبان کے متعدد حملے ، افغان سکیورٹی کے 30اہلکار ہلاک

ہیرات ۔20 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) مغربی افغانستان میں طالبان کے متعدد حملوں میں 30 افغان سکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے ۔ متعلقہ عہدیداروں نے یہ بات بتائی ۔ یہ حملے جنگ بندی کی مدت ختم ہونے کے بعد کئے گئے ۔ دریں اثناء بدغیز کے صوبائی گورنر عبدالغفور ملک زائی نے بتایا کہ مہلوکین کی نصف تعداد گھات لگاکر کئے گئے حملوں اور سڑک پر نصب کئے گئے بم دھماکوں کی وجہ سے ہوئی جبکہ دیگر فوجی اور پولیس اہلکار اُس وقت ہلاک ہوئے جب طالبان نے رات دیرگئے اُن کے ٹھکانوں پر ہلّہ بول دیا۔ بعد ازاں واٹس ایپ پیغام کے ذریعہ طالبان نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول کی ۔د وسری طرف صوبائی کونسل سربراہ عبدالعزیز نے بھی ہلاکتوں کی تعداد کی توثیق کی اور یہ بھی بتایا کہ جنگ بندی کی مدت کے دوران طالبان نے اپنے مخبروں کو فوجی ٹھکانوں کے بارے میں مکمل معلومات حاصل کرنے کی ذمہ داری سونپی تھی اور اُس کے بعد ہی انھوں نے ( طالبان ) متعدد حملوں کا منصوبہ بنایا ۔