کابل ۔ 21 جون (سیاست ڈاٹ کام) طالبان نے دو علحدہ حملوں میں آٹھ پولیس اہلکاروں کو ہلاک کردیا۔ جنوبی صوبہ غزنی کے گورنر کے ترجمان عارف نوری نے بتایا کہ ایک سیکوریٹی چوکی پر کئے گئے حملہ میں چھ پولیس اہلکار ہلاک اور چار زخمی ہوئے۔ انہوں نے کہاکہ شورش پسندوں کے ساتھ فائرنگ کے طویل تبادلے کے دوران سات شورش پسند بھی ہلاک ہوئے۔ دوسری طرف بغلان صوبہ طالبان نے دو پولیس اہلکاروں کو ہلاک کردیا جبکہ تین پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ پولیس ترجمان ذبیح اللہ شجاع نے یہ بات بتائی حالانکہ اب تک کسی فرد یا تنظیم نے حملوں اور ہلاکتوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے لیکن طالبان اکثر و بیشتر سیکوریٹی فورسیس اور پولیس کو ہی نشانہ بناتے رہے ہیں لہٰذا یہ وثوق سے کہا جاسکتا ہیکہ حملے طالبان نے ہی کئے ہوں گے۔ طالبان نے عیدالفطر کے موقع پر گزشتہ ہفتہ تین دنوں کی جنگ بندی کے بعد حملوں کا دوبارہ آغاز کیا تھا۔