کابل ۔ 22 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ایک افغان عہدیدار کے مطابق صوبہ غزنی کے متعدد ڈسٹرکٹس میں کئے گئے طالبان کے حملوں میں کم و بیش 14 پولیس افسران ہلاک ہوگئے۔ صوبائی کونسل رکن حسن رضا یوسفی نے بتایا کہ دی یاک، جگھاگو، اجرستان اور قادرباغ میں طالبان نے مسلسل حملے کئے جن کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔ غزنی کی صوبائی کونسل کی سربراہ لطیفہ اکبری نے بھی اس بات کی توثیق کی کہ طالبان نے متعدد چیک پوائنٹس کو نشانہ بنایا۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے حملے کی ذمہ داری قبول کی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ جگھاتو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرس اور دی یاک میں پولیس چیک پوائنٹس پر طالبان نے قبضہ کرلیا ہے۔