کابل ۔ 8 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) افغان عہدیداروں کے مطابق ملک کے وسطی اور مشرقی علاقوں میں طالبان کے تازہ حملوں میں 13 پولیس ملازمین ہلاک ہوگئے۔ دریں اثناء مشرقی صوبہ غزنی کے کونسل رکن غلام حسین چنگیز نے بتایا کہ طالبان نے جمعرات کی صبح کو ایک پولیس آؤٹ پوسٹ پر حملہ کردیا اور آٹھ پولیس ملازمین کو ہلاک کردیا جن میں ایک ڈسٹرکٹ کمانڈر بھی شامل ہے۔ حملہ کے فوری بعد پولیس اور طالبان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ کئی گھنٹوں تک جاری رہا۔ بعدازاں حکومت نے زائد جمعیت کو جائے وقوع پر روانہ کیا جس کے بعد طالبان کو پسپا کرنے میں کامیابی حاصل ہوئی لیکن جاتے جاتے بھی طالبان نے پولیس کے ہتھیاروں کو ضبط کرلیا۔ طالبان نے وسطی مردک صوبہ میں بھی پولیس چوکی پر حملہ کیا جس میں پانچ پولیس ملازم ہلاک ہوگئے۔ پولیس ترجمان حکمت درانی نے بتایا کہ حملہ میں تین پولیس ملازم زخمی بھی ہوئے ہیں۔ دوسری طرف طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول کی۔ یاد رہیکہ حالیہ دنوں میں افغان سیکوریٹی فورسیس پر طالبان کے حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔