اسلام آباد / پشاور ۔ 26 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ممنوعہ پاکستانی طالبان نے سرکاری مذاکرات کاروں کے ساتھ خفیہ مقامات پر پہلی راست بات چیت کے بعد جنگ بندی جاری رکھنے سے اتفاق کیا ہے۔ یہ ملاقات شمالی وزیرستان کے قبائلی علاقہ میں ہوئی ۔ جنگ بندی کی برقراری حکومت کے بنیادی مطالبات میں ایک تھی۔ تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے معلنہ ایک ماہ کی جنگ بندی 30 مارچ کو ختم ہورہی ہے۔
مذاکرات کے بعد مقامی میڈیا نے یہ اطلاع دی کہ طالبان نے بات چیت کا عمل جاری رہنے تک جنگ بندی سے اتفاق کیا ہے۔ نامعلوم مقام پر ہوئی اس ملاقات میں فریقین نے ایک دوسرے سے طمانیت چاہی۔ وزارت داخلہ کے ذرائع نے بتایا کہ سرکاری ٹیم کے ارکان نے نامعلوم مقام پہنچنے کے بعد وزیر داخلہ چودھری نثار علی خاں ربط قائم کیا۔ سرکاری کمیٹی کے ارکان پہلے پشاور ذریعہ طیارہ گئے جہاں طالبان نمائندوں کو ہیلی کاپٹر میں سوار کرالیا گیا جس کا انتظام وزارت داخلہ کی جانب سے کیا گیا تھا۔