طالبان نے 9 بارڈر گارڈس کو ہلاک کردیا

کابل 23 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) افغانستان کے ایک شمال مغربی صوبہ میں طالبان نے ایک پولیس چیک پوائنٹ پر ہلہ بول دیا اور 9 بارڈر گارڈس کو ہلاک کردیا جبکہ ملک کے جنوب مغربی علاقہ میں سڑک پر ہوئے بم دھماکہ میں 6 شہری ہلاک ہوگئے۔ دریں اثنا صوبائی گورنر کے ترجمان میر واعظ میر زکوال نے بتایا کہ صوبہ بدنمیز جو افغانستان کا خطرناک ترین صوبہ کہا جاتا ہے، کے چیک پوائنٹ پر کل صبح طالبان نے ہلہ بول دیا جہاں اُنھوں نے 9 بارڈر گارڈس کو گولیوں سے بھون ڈالا اور فرار ہونے سے قبل اُنھوں نے زمینی سرنگیں بھی بچھادیں۔ آج صبح تک بھی بم اسکواڈ تمام سرنگوں کو ہٹانے کی کوشش کررہا تھا تاکہ بارڈر گارڈس کی نعشیں نکالی جاسکیں۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی ضروری ہے کہ طالبان نے کل ہی اپنے موسم بہار کے حملوں کے آغاز کا اعلان کیا تھا اور اعلان کے دوسرے روز ہی یہ واقعہ رونما ہوا۔ جاریہ سال لڑائی کا آغاز ایک ایسے وقت ہورہا ہے جب میدان جنگ میں ناٹو افواج موجود نہیں ہوں گی۔ سڑک پر ہوئے بم دھماکہ میں جو 6 راہگیر ہلاک ہوئے اُن میں چار بچے بھی شامل ہیں۔ حملہ کیلئے کسی فرد یا گروپ نے ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔