اسلام آباد ، 4 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی طالبان نے فائر بندی میں 10 اپریل تک توسیع کر دی ہے۔ بظاہر یہ فیصلہ حکومت کی طرف سے غیر عسکری قیدیوں کے ایک گروپ کی رہائی کے بعد کیا گیا۔ ممنوعہ تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان شاہد اللہ شاہد نے میڈیا کو بتایا کہ اُن کی تنظیم نے ذمہ دارانہ عمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے حکومتی جواب کے انتظار میں 10 اپریل تک فائر بندی میں توسیع کی ہے۔
اور تمام جنگجوؤں کو حکم دیا گیا ہے کہ اس عرصے میں حکومت اور سکیورٹی فورسز پر حملے نہ کئے جائیں۔ وزارت داخلہ نے کل کہا تھا کہ معمولی جرائم میں ملوث 16 قیدیوں کو رہا کیا گیا۔ طالبان نے مذاکرات کے عمل کو آگے بڑھانے کیلئے یکم مارچ کو ایک ماہ کی فائر بندی کا اعلان کیا تھا، جو یکم اپریل کو ختم ہو گئی۔ دریں اثناء وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں فوجی سربراہ جنرل راحیل شریف اور انٹلیجنس ادارہ آئی ایس آئی کے ڈائریکٹر جنرل بھی شریک تھے۔