طالبان نے بندوق کی نوک پر 27 افراد کا اغوا کرلیا

خوست(افغانستان)۔16 مئی( سیاست ڈاٹ کام) طالبان کے شورش پسندوں نے مشرقی افغانستان میں آج 27 افراد کا اغوا کرلیا، جس کے لئے انہوں نے سڑک پر رکاوٹ کھڑی کرتے ہوئے ان افراد کی گاڑی روک دی اور انہیں بندوق کی نوک پر گاڑی سے نیچے اترنے پر مجبور کیا۔ جنگ سے تباہ حال اس ملک میں اجتماعی اغوا کا یہ تازہ واقعہ ہے۔ صوفائی کونسل کے رکن محمد رحمن قدیری نے کہا کہ یہ واقعہ جنوب مشرقی صوبہ پکتیہ کے ضلع سید کرم میں پیش آیا۔ اغوا کردہ افراد کو کسی نامعلوم مقام پر لے جایا گیا ہے۔ صوبائی پولیس سربراہ ظلمائی اریہ خیل نے نیوز ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ ہمیں ابھی کوئی یقینی اطلاع نہیں کہ انہیں کہاں منتقل کیا گیا ہے لیکن ان کا اتہ پتہ معلوم کرنے اور انہیں آزاد کرانے کے لئے پولیس کی کمک بھیج دی گئی ہے۔ مقامی قبائیلی سرداروں کو بھی ان افراد کو رہا کرانے کے لئے مذاکرات میں شامل کیا جارہا ہے۔ طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ٹیوٹر پر کہا کہ ان افراد کو سرکاری ورکرس کے شبہ میں اغوا کیا گیا ہے۔