پولیس کے تین چوکیدار اور ایک فرار کی کوشش میں مصروف قیدی فائرنگ میں ہلاک
کابل18اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) ایک سرکاری عہدیدار نے کہا کہ تین طالبان شورش پسند شمالی افغانستان کے ایک قید خانہ سے فرار ہوگئے ۔ انہوں نے اسمگل کئے ہوئے ہتھیاروں کی مدد سے جیل توڑ دی اور پولیس کے تین چوکیداروں کو ہلاک کردیا۔ صوبہ پریاب کی صوبائی حکومت کے ترجمان جواد دیدار نے کہا کہ کل رات جیل توڑنے کا واقعہ پیش آیا۔ چوتھا قیدی فرار کی کوشش کے دوران فوج کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔
مفرور کمتر سطح کے طالبان عہدیدار ہیں جنہیں لب سڑک بم دھماکوں کی سازش کے الزام میں قید کیا گیا تھا۔چاروں قیدیوں نے رات کے وقت قیدیوں کا شمار کرنے کی مشق کے بعد جیل توڑنے کی کارروائی کا آغاز کردیا ۔ انہوں نے کئی دستی بم پھینکنے اور کم از کم ایک پستول سے چوکیداروں سے فائرنگ کی ۔ صوبائی حکومت کے ترجمان جواد دیدار نے کہا کہ عہدیداروں نے تین مفرور قیدیوں کی تلاش کا آغاز کردیا ہے اور تحقیقات کی جارہی ہے کہ قید خانہ کے اندر ہتھیار کیسے پہنچائے گئے تھے۔ افغانستان میں طالبان قیدیوں کے جیل توڑ کر فرار ہونے کا یہ اولین پرتشدد واقعہ ہے ۔