’’ضمیر کی آواز ‘‘ پر جموں و کشمیر کانسٹیبل مستعفی ، ویڈیو وائرل

سرینگر۔ 5 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وادی کشمیر میں تشدد کے خلاف ’’ضمیر کی آواز‘‘ پر جموں و کشمیر پولیس سے استعفیٰ کا اعلان کرنے والے کانسٹیبل کا ویڈیو سوشیل میڈیا پر وائرل ہوگیا ہے۔ پولیس نے کہا کہ حقائق کا پتہ چلا رہی ہے۔ اس ویڈیو میں رئیس نامی ایک کانسٹبل نے کہا کہ وہ پولیس کی ڈیوٹی سے مستعفی ہورہے ہیں کیونکہ ان کا ضمیر بار بار یہ سوال کررہا ہے کہ یہاں خونریزی دیکھنے کے بعد وہ صحیح ملازم پولیس ہیں یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سات سال سے بحیثیت کانسٹیبل وہ خدمات انجام دے رہے ہیں اور انہوں نے عوامی خدمت کیلئے یہ پیشہ اختیار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہر دن کشمیری ہلاک ہورہے ہیں ، بصارت سے محروم ہورہے ہیں ، کئی نوجوان جیلوں میں ہیں اور اس سارے مسئلہ کی وجہ یہ ہے کہ کشمیری عوام استصواب عامہ کا حق مانگ رہے ہیں۔