اسکیم کا کونسل اجلاس ، وزراء کی شرکت ، وزیر پنچایت راج جے کرشنا راؤ کا خطاب
حیدرآباد ۔ 30 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : ریاستی وزیر پنچایت راج جے کرشنا راؤ نے کہا کہ 31 مارچ تک ضمانت روزگار اسکیم سے متعلق 60 فیصد مزدوروں کو 100 دن کام فراہم کرنے اور سی سی روڈس کی تعمیرات کے لیے 600 کروڑ روپئے منظور کرنے کا اعلان کیا ۔ ضمانت روزگار اسکیم کے کونسل کا آج پہلا اجلاس منعقد ہوا جس کی نائب صدر نشین کونسل و وزیر پنچایت راج جے کرشنا راؤ نے صدارت کی ۔ اس کے علاوہ وزراء ہریش راؤ ، این نرسمہا ریڈی ، پوچارام سرینواس ریڈی ، چندو لعل نے شرکت کی ۔ اجلاس میں ضمانت روزگار اسکیم کے کاموں میں تیزی پیدا کرنے اور مسائل کو فوری حل کرنے کا جائزہ لیا گیا ۔ جے کرشنا راؤ نے کہا کہ 31 مارچ تک 60 فیصد مزدوروں کو 100 دن کام فراہم کیا جائے گا ۔ ضلعی سطح پر متواتر اجلاس طلب کرتے ہوئے کاموں میں تیزی پیدا کی جائے گی ۔ ابھی تک بڑے پیمانے پر کاموں کی منظوری دے دی گئی ۔ فنڈز کی کوئی کمی نہیں ہے ۔ 31 مارچ تک 600 کروڑ روپئے جاری کردئیے جائیں گے ۔ جس سے بڑے پیمانے پر سی سی روڈ تعمیر کی جائے گی ۔ آبپاشی پراجکٹس ، مشین کاکتیہ فیس I ، تالابوں کے احیاء ، شجرکاری کے علاوہ دوسرے کاموں کے لیے ضمانت روزگار اسکیم کے مزدوروں سے استفادہ کرنے کی ہریش راؤ نے تجویز پیش کی ۔ کاموں کے چند دن محکمہ آبپاشی کو مختص کرنے کی صورت میں کاموں کی انجام دہی میں تیزی پیدا کرنے کا تیقن دیا ۔ ہریتاہرم پروگرام کے تحت لگائے گئے پودوں کو ٹینکرس کے ذریعہ پانی کی سربراہی کی ذمہ داری بھی ضمانت روزگار اسکیم کے سپرد کرنے کا مشورہ دیا اور اس کام کے لیے ادا کئے جانے والے رقم 480 میں اضافہ کرنے پر بھی زور دیا ۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر پنچایت راج نے کہا کہ نرسری میں 100 دن کے کام کے لیے موجود قواعد میں ترمیم کی جائے گی ۔ معذورین کو 150 دن کام دیا جائے گا ۔ خواتین اور نوجوانوں کی تنظیموں کو بھی اسکیم کا حصہ بناتے ہوئے کاموں میں تیزی پیدا کی جائے گی جن مقامات پر ضمانت روزگار اسکیم کے تحت کام انجام دئیے جارہے ہیں ان مقامات پر میڈیکل کٹس ، ٹینٹس اور پینے کے پانی کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی گذشتہ تین سال سے ایک ہی مقام پر خدمات انجام دینے والوں کو اپریل کے بعد تبادلے کیے جائیں گے ۔ درخواست پیش کرنے والوں کو فوری جاب کارڈ کی اجرائی کو یقینی بنانے کے لیے آن لائن درخواستیں قبول کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ضمانت روزگار اسکیم میں بے قاعدگیوں پر فیلڈ اسسٹنٹ ، ٹیکنیکل اسسٹنٹ ، اے پی او کے علاوہ ایم پی ڈی او کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی ۔ دوسری طرف نشانہ کو عبور کرنے میں اہم رول ادا کرنے والے ایمپلائز کو انعامات سے بھی نوازا جائے گا ۔۔