ضلع کرشنا میں سانپوں کو خوش کرنے خصوصی پوجا

سانپوں کے ڈسنے سے دو ماہ میں 2افراد فوت ، 100 زخمی
امراوتی ۔ 27اگست ( پی ٹی آئی ) حکومت آندھراپردیش نے ضلع کرشنا میں گذشتہ دو ماہ کے دوران سانپ کاٹنے سے کم سے کم دو افراد کے فوت ہوجانے اور 100سے زائد افراد کو دواخانوں میں شریک کئے جانے پر مختلف گوشوں سے کی جانے والی تنقیدوں کے درمیان ’’ ناگ دیوتا ‘‘ کو منانے اور خوش کرنے کیلئے خصوصی پوجا ’’ سرپا یاگم ‘‘ کے اہتمام کا منصوبہ بنایا ہے ۔ چنانچہ حکومت کے محکمہ انڈومنٹس کی طرف سے 29اگست کو موپی دیوی کے سبرامنیشورا سوامی مندر میں ’’ سرپا یاگم ‘‘ اور ’’ سرپا دوشا منوارانا ‘‘ پوجا منعقد کی جائے گی ۔ اس مقام پر بالعموم افراد انفرادی پوجا بھی کیا کرتے ہیں ۔ ضلع کلکٹر بی لکشمی کانتم نے کہا کہ محکمہ انڈومنٹس اور ضلع کرشنا کے انتظامیہ کے زیراہتمام منعقد شدنی تقریب میں پجاریوں کی طرف سے پوجا کے رسوم ادا کی جائیں گے ۔ واضح رہے کہ بارش کے سبب دریاؤں کی سطح آب میں اضافہ ہوگیا ہے جس میں تیرتے ہوئے کئی سانپ ناگیا لنکا اور ادانی گڈا کے کئی مقامات اور کھیتوں میں پہنچ گئے ہیں ۔ تاہم ، توہم پرستی کی مخالف ایک تنظیم جنا وگنانا ویدیکا نے سانپوں کو خوش کرنے کیلئے حکومت کی طرف سے کی جانے والی خصوصی پوجا کی مذمت کی ہے اور کہا کہ یہ عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوششیں ہیں۔