ضلع نیلور میں کنڈالیرو آبپاشی پراجکٹ کا سنگ بنیاد چندرا بابو نائیڈو کا خطاب

حیدرآباد ۔ 30 ۔ اکٹوبر : ( این ایس ایس ) : چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے آج یہاں ضلع نیلور میں کنڈالیرو لفٹ ایریگیشن ( آبپاشی ) پراجکٹ کا سنگ بنیاد رکھا ۔ بعد ازاں وہ ایک جلسہ عام سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہر آبپاشی پراجکٹ میں 500 ٹی ایم سی پانی کی قلت پیدا ہوگئی ہے ۔ تاہم انہوں نے کہا کہ اس نئے پراجکٹ کے باعث 20 ہزار 702 ایکڑ اراضی سیراب ہوگی ۔ چیف منسٹر نے مزید کہا کہ اس سال 1800 ٹی ایم سی پانی سمندر کی نذر ہوگیا ہے ۔ اپنے سلسلہ خطاب کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ حکومت آندھرا پردیش مذکورہ پراجکٹ کو اندرون چھ ماہ مکمل کرنے کی تجویز رکھتی ہے جس کے باعث ملک کے مختلف حصوں سے اس کا رابطہ ہوجائے گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنا اور کرشنا ندیوں سے بھی اس کو مربوط کرنے کی ضرورت ہے ۔ اگر اس کام میں ہم کامیاب ہوجاتے ہیں تو نیلور ضلع میں خشک سالی کا مسئلہ ختم ہوجائے گا۔ یہی نہیں بلکہ زمینی سطح آب میں اضافہ کے علاوہ ندیوں سے مربوطی کے باعث قحط سالی جیسے مسائل پر قابو پاسکتے ہیں ۔ نائیڈو نے پنابیاریج کا دورہ کر کے پراجکٹ کے عہدیداروں سے بات چیت کیا اور مقررہ وقت میں پراجکٹ کی عدم تکمیل پر متعلقہ عہدیداروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا بھی انتباہ دیا ۔۔