ضلع میدک کے 25 اداروں کو گرانٹ ان ایڈ منظور

رکن اسمبلی کی تجویز پر سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود کا مثبت ردعمل
حیدرآباد ۔ 25 ۔ جون (سیاست نیوز) محکمہ اقلیتی بہبود نے اوقافی اداروںکو گرانٹ ان ایڈ کے طور پر ضلع میدک میں 25 اداروں کو 3 کروڑ 98 لاکھ 60 ہزار روپئے منظور کئے ہیں۔ رکن اسمبلی نرسا پور سی مدن ریڈی نے گرانٹ ان ایڈ کی منظوری کیلئے محکمہ اقلیتی بہبود کو 25 اداروں سے متعلق تجاویز روانہ کی تھیں جس کا جائزہ لینے کے بعد انہیں منظوری دیدی گئی ہے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمرجلیل نے گرانٹ ان ایڈ کے سلسلہ میں احکامات جاری کئے ۔ رمضان المبارک کے پیش نظر حکومت نے وقف بورڈ سے مساجد ، قبرستانوں اور عیدگاہوں کی تعمیر و مرمت کے سلسلہ میں گرانٹ ان ایڈ کی اجرائی کا فیصلہ کیا ہے ۔ حلقہ اسمبلی نرسا پور میں 25 اداروں کو 3 کروڑ 98 لاکھ 60 ہزار روپئے کی منظوری یقیناً اہمیت کی حامل ہیں۔ حکومت نے رمضان المبارک کے دوران اوقافی اداروں کیلئے 5 کروڑ روپئے گرانٹ ان ایڈ جاری کرنے کا اعلان کیا تھا اور رقومات کی منظوری کا آغاز اضلاع سے کیا گیا ہے۔ دلچسپ بات تو یہ ہے کہ صرف ایک اسمبلی حلقہ کیلئے تقریباً 4 کرو ڑ روپئے مختص کئے گئے جبکہ گرانٹ ان ایڈ کی جملہ رقم پانچ کروڑ ہیں۔ حیدرآباد میں اوقافی اداروں کیلئے ابھی تک گرانٹ ان ایڈ کی منظوری کا آغاز نہیں ہوا۔ رمضان المبارک میں مساجد ، قبرستانوں اور دیگر اوقافی اداروں نے سالانہ تعمیر و مرمت کا کام باقی ہے ۔