ضلع محبوب نگر میں موچنتلا، ملک کا پہلا ڈیجیٹل موضع

حیدرآباد /15 اپریل ( سیاست نیوز ) شہر حیدرآباد کے پڑوسی ضلع محبوب نگر میں موجود موچینتلہ دیہات ملک کا پہلا ایسا دیہی علاقہ ہے جہاں کسان بھی کمپیوٹر چلانے سے واقف ہیں ۔ ضلع محبوب نگر کے منڈل چنا چنتہ کنٹہ میں موجود اس گاؤں کے لوگوں کو بنیادی سہولتیں جیسے سڑک ، وافر پانی ، سیوریج نظام میسر نہیں ہے لیکن یہ گاؤں ملک کا پہلا ڈیجیٹل موضع بن چکا ہے اور اس کیلئے ’’ ڈریم ولیج فاؤنڈیشن ‘‘ نامی تنظیم نے کوششیں کی جو کہ ثمرآور ثابت ہوئی ۔ گذشتہ کچھ برسوں سے مذکورہ فاؤنڈیشن نے اس موضع کی تیز رفتار ترقی کا منصوبہ تیار کیا ۔ جس کے نتیجہ میں آج گاؤں کے کسان بھی کمپیوٹر پر کام کرنے کے قابل ہوچکے ہیں اور اس گاؤں میں نیشنل ڈیجیٹل لٹریسی مشن کے تعاون سے فاؤنڈیشن نے تعلیمی سرگرمیوں کو بھی زبردست فروغ دیا ہے ۔ معروف آئی ٹی کمپنی کا گنسیو نیٹ ٹیکنالوجیز کے ایک ڈائرکٹر نے جب اس موضع سے تعلق رکھنے والی لڑکی سے بیاہ کیا تو انہوں نے اس موضع کو عصری ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کا فیصلہ کیا اور اسکولوں کے علاوہ دیگر مضافات پر کمپیوٹر چلانے کی تربیت فراہم کرنے لگے جس کے نتیجہ میں عوام کو شوق بڑھتا گیا ۔ مسٹر کے بالا ڈائرکٹر کاگنیز نیٹ ٹیکنالوجیز نے موضع میں موجود اسکول کی عصری تعلیم اور اضافی کلاس رومس پر توجہ مبذول کی اور اس گاؤں میں لائبریری قائم کروائی ۔ اس علاقہ میں رہنے والے عوام جو دیہی زندگی گذار رہے تھے

ان میںتعلیم کے متعلق رغبت میں اضافہ ہوتا گیا اور اب یہ گاؤں ملک کا پہلے ڈیجیٹل گاؤںبن چکا ہے ۔ اس کے ساتھ مسٹر کے بالا نے اس موضع کے نوجوانوں میں سماجی شعور بیدار کرتے ہوئے انہیں تلعیم کی طرف راغب کیا اور گاؤں میں انٹرنیٹ سہولت متعارف کروائی جس سے اب یہ گاؤں دنیا بھر کے کسی بھی مقام سے رابطہ کا اہل بن چکا ہے ۔ انٹرنیٹ سہولت متعارف کروائے جانے کے بعد گاؤں میں مزید تبدیلی دیکھی جارہی ہے لیکن یہ علاقہ اب بھی بنیادی سہولتیں سے محروم ہے اور بنیادی سہولتوں کے حصول کے پہلے دیہی علاقہ کے عوام جدوجہد کر رہی ہے ۔ اس علاقہ کے عوام کے بموجب کمپیوٹر جیسی عصری تعلیم و تربیت سے وہ بہت خوش ہیں لیکن انہیں پینے کا پانی ، سڑک اور دیگر سہولیات بھی چاہئے ۔ اسی لئے حکومت کو چاہئے کہ وہ غیر سرکاری تنظیموں کے تعاون سے اس گاؤں میں معیاری برقی ، سڑک اور پینے کے پانی کا فوری انتظام کرے اور گاؤں کے بچوں کی اعلی تعلیم کیلئے سہولتیں فراہم کرنے کے اقدامات کئے جائیں ۔