ضلع دارجلنگ میں بار ش کی تباہ کاری سے 56اموات

امدادو راحت کاری کیلئے خصوصی ٹیمیں سرگرم، مرکزی وزیر کرن رجیجو کی آمد
دارجلنگ۔/2جولائی، ( سیاست ڈاٹ کام ضلع دارجلنگ و سب ڈیویژنس میں امداد اور بچاؤ کی کارروائیاں جاری ہیں جہاں پر موسلا دھار بارش کے زور سے چٹانیں اور مٹی کے تودے کھسکنے کے باعث39افراد ہلاک ہوگئے ، سڑکیں بہہ جانے اور مکانات منہدم ہونے کے واقعات پیش آئے۔ ویسٹ بنگال ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ میں ایک عہدیدار نے بتایا کہ دارجلنگ سے 56کلو یٹر دور گیابری کے مقام پر آج بھی مٹی کے تودے کھسکنے کے واقعات پیش آئے جبکہ دارجلنگ اور میرک کے درمیان سڑک رابطہ منقطع ہوگیا۔ چٹانیں کھسکنے سے کل ایک دن میں 21اموات ہوئی تھیں۔ تاہم پہاڑی علاقہ میں آج بارش تھم جانے کے بعد نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس ٹیم، سیول ڈیفنس کارکن، مقامی والینٹروں نے امداد و بچاؤ کی کارروائی شروع کردی۔ علاوہ ازیں شستر سینابل اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی کی ریسکیو ٹیموں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ دارجلنگ کلیم پونگ اور کرمیانگ سب ڈیویژنس میں تودے کھسکنے سے قومی شاہراہ نمبر 10اور 55کو زبردست نقصان پہنچا ہے۔ سیاحوں کی جلد از جلد واپسی کیلئے سڑکوں کی مرمت و تعمیر کا کام شروع کردیا گیا ہے۔ ممتا بنرجی نے صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے کل ہی علاقہ دارجلنگ کا دورہ کیا تھا۔