ضربِ عضب: تاحال 910 شدت پسند ہلاک

اسلام آباد۔ 03 ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے ادارے’آئی ایس پی آر‘نے کہا ہے کہ آپریشن ضربِ عضب منصوبہ بندی کے مطابق جاری ہے اور اس کے دوران اب تک 910 شدت پسندوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔ آئی ایس پی آر کے اعلامیہ کے مطابق آپریشن ضرب عضب کے آغاز کے بعد سے اب تک ملک بھرمیں 82 جوان شہید ہوئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق اب تک میران شاہ، میر علی، دتہ خیل، بویا اور دیگان کے علاقے خالی کرائے جا چکے ہیں جبکہ شمالی وزیرستان میں 88 کلومیٹر طویل سڑکیں مکمل کلیئر کرا لی گئی ہیں۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آئی ای ڈیز ( عصری دھماکو آلات ) بنانے کی 27 جبکہ راکٹ بنانے اور اسلحہ سازی کی ایک، ایک فیکٹری تباہ کر دی گئی ہے۔