الفا اینڈ اومیگا ایجوکیشنل سوسائٹی کے جنرل سکریٹری کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 27 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : مرکزی حکومت کی پرادھان منتری کوشلیا وکاس یوجنا (PMKEY) اسکیم کے تحت ریاست تلنگانہ کے ایس ایس سی اور انٹر میڈیٹ کامیاب اور ناکام طلباء کو الفا اینڈ اومیگا ایجوکیشنل اینڈ رورل ویلفیر سوسائٹی کے زیر اہتمام روزگار سے مربوط اور ملازمت کے ضامن ایک ماہی مفت ہوٹل مینجمنٹ کورس کا آغاز کیا گیا ہے ۔ جس کا مقصد تلنگانہ کے تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے ۔ یہ بات آج یہاں جنرل سکریٹری الفا اینڈ اومیگا ایجوکیشنل اینڈ رورل ویلفیر سوسائٹی مسٹر ٹی پی سامیل نے پریس کانفرنس میں بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ ایسے طلباء جو ایس ایس سی یا انٹر میڈیٹ پاس یا فیل ہوں اور جن کی عمریں 18 تا 28 سال کے درمیان ہوں ، آدھار کارڈ اور بینک اکاونٹ رکھتے ہوں داخلہ کے اہل ہوں گے ۔ مذکورہ روزگار پر مبنی ہوٹل مینجمنٹ کورس کے دوران طلباء کو تھیوری کے علاوہ پراکٹیکل کے لیے معروف اسٹار ہوٹلس اور ریسٹورنٹس میں تربیت دی جائے گی جب کہ مذکورہ کورس کی تکمیل کے بعد منعقد ہونے والے امتحان میں کامیابی حاصل کرنے والے طلباء کو فی کس 1500 روپئے اسٹائیفنڈ بھی دیا جائے گا اور ملازمت بھی فراہم کی جائے گی ۔۔