بیروت ۔ 26 جون (سیاست ڈاٹ کام) ایک خودکش بم بردار نے آج بیروت کی ہوٹل میں اپنے کمرہ میں خود کو دھماکہ سے اڑا دیا جس کی وجہ سے آگ بھڑک اٹھی اور سیاہ دھویں کا کثیف بادل تیسری منزل کی کھڑکیوں سے فضاء میں اڑتا ہوا دیکھا گیا۔ یہ واقعہ لبنانی فوج کے بیروت ہوٹل پر دھاوے کے دوران پیش آیا۔ دیورائی ہوٹل ضلع راوش میں مصروف اوقات میں یہ واقعہ پیش آیا۔ لبنانی فوج نے علاقہ کی ناکہ بندی کردی ہے اور بندوق بردار پوری سڑک پر پھیل گئے ہیں تاکہ علاقہ کو محفوظ کیا جاسکے۔ بمباری کا یہ تازہ ترین واقعہ ان حملوں کے سلسلہ کا ایک حصہ ہے جو گذشتہ ایک ہفتہ سے لبنان میں جاری ہیں جن کی وجہ سے ملک میں تازہ تشدد بھڑک اٹھنے کے اندیشے پیدا ہوگئے ہیں۔
لبنان پڑوسی ملک میں شام میں خانہ جنگی سے بری طرح متاثر ہوگیا ہے۔ لبنان کی فوج کے وکیل استغاثہ سقر سقر نے موقع واردات پر ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عام صیانتی اقدامات کے طور پر فوج نے یہ دھاوا کیا تھا اور ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کرلیا جبکہ ایک اور مشتبہ شخص نے خود کو دھماکہ سے اڑا دیا۔ 3 صیانتی عہدیدار زخمی ہوگئے۔ ہوٹل میں کارروائی جاری ہے۔ ہر کمرہ کی تلاشی لی جارہی ہے تاکہ مزید دھماکو مادوں کا پتہ چلایا جاسکے۔ ہوٹل کے ویٹر محمد عبید نے کہا کہ دو ایس یو وی گاڑیوں میں سوار فوجی مقامی وقت کے مطابق 7.30 بجے شام ہوٹل پہنچے۔ عوام مشتبہ ہوگئے۔ چند ہی سیکنڈ بعد ایک زوردار دھماکہ سنائی دیا۔
گاہک ادھر ادھر دوڑنے لگے۔ بعض باورچی خانے میں گھس گئے اور بعض پچھلے دروازے سے فرار ہوگئے۔ ہوٹل کا ایک ملازم بھی زخمی ہوگیا۔ تیسرے اور چوتھی منزل پر دھماکے سے کافی نقصان پہنچا۔ تیسری منزل شعلہ پوش ہوگئی اور فائر انجنوں کو آگ پر قابو پانے کیلئے طلب کرلیا گیا۔
الشباب جنگجوؤں کا صومالیہ میں حملہ
موغادیشو۔ 26 جون (سیاست ڈاٹ کام) الشباب کے بندوق برداروں نے افریقی یونین کے کئی فوجیوں کو آج وسطی صومالیہ کے ایک فوجی اڈہ پر حملہ کرتے ہوئے ہلاک کردیا۔ شباب کے کمانڈوز سرکاری وردی میں ملبوس تھے۔ انہوں نے موغادیشو سے 200 کیلو میٹر شمال میں حملہ کیا۔