صنعت نگر ریلوے گڈس شیڈ کا رخ موڑنے سے 1300 حمال متاثر

بڑے گتہ داروں کے مفاد کی خاطر ملی بھگت ، حمال دیگر کام کرنے سے قاصر
حیدرآباد ۔ 4 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : گذشتہ تین مہینے سے 1300 حمال بے کار بیٹھے ہیں ۔ صنعت نگر ریلوے گڈس شیڈ میں مختلف اقسام کی ضرورت کی اشیاء کی 15 تا 20 مال گاڑیاں ہر روز یہاں آیا کرتی تھیں لیکن گذشتہ تین مہینے سے یہاں مال گاڑیوں کی آمد کا سلسلہ بند ہونے سے یعنی کم تعداد میں کبھی کبھار مال گاڑیاں آنے کی وجہ سے 1300 حمالوں کو کام نہیں مل رہا ہے یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ صنعت نگر ریلوے گڈس شیڈ میں آنے والی مال گاڑیوں کا رخ دوسرے گڈس کی جانب موڑا جارہا ہے کیوں کہ بڑے بڑے گتہ دار اپنے فائدہ کے لیے ایسا کررہے ہیں ۔ صنعت نگر ریلوے گڈس شیڈ میں حمالی کا کام انجام دینے والے حمالوں نے اپنے مشترکہ بیان میں بتایا کہ صنعت نگر گڈس شیڈ میں سمنٹ ، گیہوں ، چاول کے علاوہ دیگر ضروری اشیاء جو روز مرہ استعمال میں آتی ہیں ان سے لدی مال گاڑیاں یہاں پر روز آیا کرتی تھیں لیکن بڑے بڑے گتہ دار جو ریلوے سے ٹنڈرس حاصل کرتے ہیں ۔ اپنی سہولت کی خاطر مال گاڑیوں کا رخ دوسرے گڈس شیڈ کی طرف تبدیل کررہے ہیں ان کا کہنا ہے کہ ہم اچھے دن آنے کی خوشی میں تھے لیکن وہ دن آنے کے بجائے جو دن تھے وہ بھی اب باقی نہیں رہے ہیں ۔ یہاں حمالی کا کام کرنے والوں کا کہنا ہے کہ وہ کوئی دوسرا کام نہیں کرسکتے ہیں کیوں کہ انہوں نے شروع سے ہی حمالی کی ہے اور حمالی میں شمولیت کے لیے بھی رقم دے کر شمولیت اختیار کرنی پڑتی ہے ۔ واضح رہے کہ صنعت نگر ریلوے گڈس شیڈ پہلے نامپلی میں موجود تھے اور لوگ وہاں سے کام کرتے ہوئے آرہے ہیں انہوں نے بتایا کہ جب صنعت نگر کو گڈس شیڈ منتقل ہوا ہے تب سے ہم لوگ یہاں پر کام کرتے ہوئے آرہے ہیں ۔ آج ہم لوگ پوری طرح سے بے کار ہونے کے در پر ہیں ۔ ہم وزیر ریلوے سے گزارش کرتے ہیں کہ خاص طور پر ہم 1300 حمال کی باز آباد کاری کے لیے فوری طور پر عملی اقدامات کریں ۔۔