مرکزی حکومت ‘محنت کشوں کے مسائل کی یکسوئی میں ناکام :سنجیوا ریڈی
حیدرآباد 30 اگست ( سیاست نیوز ) قومی صدر آئی این ٹی یو سی مسٹر سنجیواریڈی نے کہا کہ 2 ستمبر کو ملک گیر سطح پر منظم کی جانے والی عام ہڑتال کے ذریعہ ورکرس اپنے اتحاد مظاہرہ کریں گے اور اپنی حقیقی طاقت کے ذریعہ مسائل حل کرنے کیلئے حکومت کو مجبور کردیں گے ۔ممتاز ٹریڈ یونین قائد مسٹر سنجیوا ریڈی نے پر زور الفاظ میں کہا کہ ملک کے ورکرس ملک کو ترقی دینے میں جہاں اپنا اہم رول کرسکتے ہیں وہیں اپنے مسائل کو یکسوئی کیلئے بھی اپنا کردار ادا کرنے کا موقف رکھتے ہیں ‘آئی این ٹی یو سی قومی صدر مسٹر سنجیوا ریڈی نے ورکروں کے مسائل پر توجہ دینے میں مرکزی حکومت کی ناکامی کو اپنی شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور اپنی اس رائے کا اظہار کیا کہ اگر ملک کو ترقی دینا ہوتو وزیر اعظم کے عہدے کو بھی کنٹراکٹ کی اساس پر جاری رکھا جاناچاہئے ۔ انہو ںنے کہا کہ چھوٹی ریاستوں میں زمینداوں کی حکومت رہنے کا ایک عرصہ قبل ہی اظہار کرچکے ہیں اور اسی وقت علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل عمل میں نہ لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے ان کوششوں کی پر زور مخالفت کی گئی ۔ مسٹر سنجیوا ریڈی نے مزید کہا کہ وزیر اعظم مودی کی جانب سے ورکروں کو مسائل و مشکلات سے دوچار کرنے کا طریقہ کار کوئی مناسب بات نہیں ہے لہذا 2 ستمبر کے مجوزہ ملک گیر ہڑتال (احتجاج) میں بڑے پیمانے پر کامیاب بنانے کیلئے کثیر تعداد میں حصہ لیکر اپنے شاندار اتحاد کا مظاہرہ کرنے کی پر زور اپیل کی ۔