صنعاء ۔ 12 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کم از کم 69 افراد ہلاک اور دیگر 250 زخمی ہوگئے جبکہ سعودی زیرقیادت جنگی طیاروں نے ایک اسلحہ ڈپو پر جو صنعاء کے مضافات میں واقع ہے، حملہ کیا۔ ایک سرکاری عہدیدار کے بموجب تاحال ایسے دو حملے ہوچکے ہیں، اس نے کہا کہ مہلوکین اور زخمیوں میں بیشتر شہری ہیں۔ مقامی شہریوں نے کہا کہ فوجی اڈے پر جو کوہ نوقم پر واقع ہے، دھماکے ہوئے۔ یہ اسلحہ کا ذخیرہ یمن کے دارالحکومت کے مشرقی مضافات میں قائم کیا گیا ہے۔ یہ دھماکے آج دوپہر قبل ہوتے رہے جبکہ مخلوط اتحاد کے جیٹ طیاروں نے کل رات دیر گئے اسلحہ کے ذخیرہ پر حملہ کیا تھا۔ طبی گروپ نے قبل ازیں ہلاکتوں کی تعداد 5 اور زخمیوں کی 20 بتائی گئی ہے۔ اسلحہ کے ڈپو پر آج دوبارہ بمباری کی گئی۔ فضائی حملوں کے زبردست دھماکے ہوئے اور رہائشی علاقوں میں عمارتیں پہاڑ کے دامن میں ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔ 21 اپریل کو اتحادی فوج کے فضائی حملے سے باغیوں کے زیرقبضہ علاقہ میں 38 افراد ہلاک اور 532 دیگر زخمی ہوئے تھے۔ پانچ دن کے وقفہ کے بعد مخلوط اتحاد نے بمباری کی مہم دوبارہ شروع کردی ہے۔ وقفہ کی راحت رسانی اور رسد کی سربراہی کیلئے سخت ضرورت محسوس کی جارہی تھی۔