صلالہ کے قریب طوفانی ’’ میکونو‘‘ کی پیشرفت

تلنگانہ اور آندھراپردیش میں بارش کی پیش قیاسی
حیدرآباد /25 مئی ( سیاست نیوز ) محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ساحل آندھراپردیش کے تمام اضلاع کے علاوہ رائلسیما اور تلنگانہ کے بعض مقامات پر آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران طوفانی ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش قیاسی کی اور خبردار کیا کہ تلنگانہ کے ایکثر مقامات پر آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران ایسی ہی صورتحال رہے گی ۔ ذرائع نے کہا کہ دونوں ریاستوں کے بعض علاقوں میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہلکی یا اوسط بارش ریکارڈ کی گئی ۔ اضلاع عادل آباد اور میدک میں زیادہ سے زیادہ درجہ حراست 43 ڈگری سیلسیس رہا ۔ حیدرآباد کا درجہ حرارت 41 اور 28 ڈگری کے درمیان رہا ۔ جہاں ہفتہ کو دن یا رات میں بارش کا امکان ہے ۔ اس دوران سلطنت عمان اور طوفان سے باخبر کرنے والے امریکی سنٹر نے خبردار کیا ہے کہ طاقتور طوفان ’’ میکونو‘‘ مغرب وسطی بحر عرب کی سمت پیشرفت کر رہا ہے جو جنوبی عمان سے گذرتا ہوا ۔ صلالہ کے جنوب کے قریب جنوب مشرقی یمن ساحل میں پہونچنے کے بعد مزید طاقتور ہوجائے گا ۔ جس کے اثر سے ہندوستانی جنوبی ساحلی علاقوں میں موسلادھار بارش کا امکان ہے ۔