صفائی کیلئے نوجوانوں کو 2000آٹوٹرالی کی فراہمی کا منصوبہ

حیدرآباد۔18مئی ( سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں صحت و صفائی کے طریقہ کار میں مزید بہتری پیدا کی جائے گی اور حیدرآباد میٹرو ڈیولپمنٹ اتھاریٹی ( ایچ ایم ڈی اے ) کو بھی حیدرآباد شہر میں جاری ’’ سوچھ حیدرآباد پروگرام ‘‘ میں حصہ دار بنایا جائے گا ۔ علاوہ ازیں ناکارہ مٹی ‘ مکانات کے ملبہ وغیرہ کی مٹی کے ذریعہ شہر حیدرآباد کے مضافاتی علاقوں میں پائے جانے والے معدنیات کی کھدوائی کے ذریعہ کئے ہوئے گڑھوں کو ’’پُر‘‘ یعنی مسطح کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے اور آئندہ موسم بارش سے قبل شروع کئے جانے والے سرسبزو شاداب بنانے کے ( ہریتا ہارم) پروگرام کیلئے تمام بستیوں کے عوام سے تیار رہنے کی چندر شیکھر راؤ نے اپیل کی ۔ شہر حیدرآباد میں گذشتہ دو دن سے جاری سوچھ حیدرآباد پروگرام کے ایک حصہ کے طور پر انہوں نے آج مختلف مقامات بشمول میٹوگوڑہ کا دورہ کیا اور پھر میٹوگوڑہ میں سوچھ حیدرآباد پر وزراء اور نوڈل آفیسرس کے ساتھ جائزہ اجلاس کیا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ گذشتہ دن اور آج انہوں نے سکندرآباد حلقہ اسمبلی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا ۔ اس دورہ کے دوران عوام کو درپیش کئی ایک مسائل سے واقفیت حاصل ہوئی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ’’سکندرآباد حلقہ اسمبلی کی سرجری کرنے کی ضرورت ہے ۔ بستیوں میں عوام کو درپیش مسائل کی بغور سماعت کی ‘‘ ۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کی یکسوئی کیلئے ہر ایک کو کوشش کرنا ہوگا ۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن اور تلنگانہ حکومت جو خدمات فراہم کررہی ہیں ان خدمات سے سرینواس نگر کالونی کے عوام میں مسرت پائی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہر حیدرآباد میں 77بڑے نالے ‘390 مربع کیلومیٹر فاصلہ پر محیط ہیں ۔ پانچ بڑے نالے حسین ساگر میں مل رہے ہیں جس کی وجہ سے ہی حسین ساگر کا پانی انتہائی آلودہ ہورہا ہے ۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ اپنے گھروں کا کچرا سڑکوں پر نہ پھینکیں ۔ کچرے کی منتقلی کیلئے ایک خصوصی منصوبہ مرتب کیا جارہا ہے ۔ علاوہ ازیں زائد از دو ہزار آٹو ٹرالیوں کے ذریعہ شہر حیدرآباد میں کچرے کی منتقلی عمل میں آئے گی ۔ جی ایچ ایم سی ہی آٹو ٹرالیاں خرید کر بستی کے غریب بچوں کو دے گی اور کچرے کے ذریعہ برقی کی پیداوار کو یقینی بنانے کیلئے منصوبے تیار کئے جارہے ہیں ۔ اسی دوران حکومت کی جانب سے شروع کردہ سوچھ حیدرآباد و سوچھ تلنگانہ پروگرام میں آج مختلف مقامات پر وزراء ‘ ارکان اسمبلی و دیگر عہدیداروں کی کثیر تعداد نے حصہ لیا ۔ شیری لنگم پلی کے مقام پر سوچھ حیدرآباد پروگرام میں وزیر کمرشیل ٹیکس مسٹر سرینواس یادو نے حصہ لیا ۔ سندریا پارک میں منظم کردہ سوچھ حیدرآباد پروگرام میں وزیر داخلہ مسٹر این نرسمہا ریڈی ‘ اعظم پورہ کے علاقوں میں ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر محمد محمود علی‘ حبشی گوڑہ میں گورنمنٹ وھپ جی سنیتا ‘ راجندر نگر عطا پور علاقہ میں نائب صدر نشین تلنگانہ منصوبہ بندی کمیشن مسٹر نرنجن ریڈی اور رکن پارلیمان کے ایشویشور ریڈی ‘ کوکٹ پلی می ںرکن اسمبلی مسٹر جے وینکٹ راؤ ‘ ملکاجگری میں رکن اسمبلی ستیش ‘ سکندرآباد ریلوے اسٹیشن میں آئی پی ایف عہدیداروں نے سوچھ حیدرآباد پروگرام میں حصہ لیا ۔حکومت تلنگانہ کے چیف سکریٹری راجیو شرما نے اس موقع پر کہا کہ سوچھ حیدرآباد مہم کے تحت جی ایچ ایم سی کی جانب سے آج دونوں شہروں میں روزانہ کے 3600ٹن کچرے کے برخلاف 10,000ٹن کچرا اٹھایا گیا ۔ راجیو شرما نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ شہر حیدرآباد اور ساری ریاست تلنگانہ کو صاف ستھرا بنانے کیلئے جاری سوچھ حیدرآباد و سوچھ تلنگانہ مہم میں سرگرمی کے ساتھ شامل ہوجائیں ۔ بالخصوص حیدرآباد و سکندرآباد کو صاف ستھرا اور سرسبز و شاداب بنانے کیلئے جی ایچ ایم سی کی کوششوں میں شامل ہوجائیں ۔ راجیو شرما نے جی ایچ ایم سی کے کمشنر و اسپیشل آفیسر سومیش کمار اور دیگر محکمہ جات کے سربراہان کے ساتھ آج سوماجی گوڑہ میں واقع مقطع مدار صاحب کا تفصیلا دورہ کیا ۔ انہوں نے سارے علاقوکی گشت کرتے ہوئے گلی کوچوںکا معائنہ بھی کیا ۔