ایم بی ٹی نگر میں ٹی ہریش راؤ کی مہم ، مسائل کی یکسوئی کا تیقن
حیدرآباد۔ 17 مئی (سیاست نیوز) وزیر بڑی آبپاشی مسٹر ٹی ہریش راؤ نے بنجارہ ہلز میں واقع ایم بی ٹی نگر میں کوڑا کرکٹ کی مکمل صفائی کو یقینی بنانے کی عہدیداروں کو سخت ہدایات دیں۔ آج یہاں ایم بی ٹی نگر بنجارہ ہلز میں منظم کردہ سوچھ حیدرآباد میں حصہ لیتے ہوئے وزیر موصوف نے صفائی کے کام انجام دیئے اور اس موقع پر مقامی عوام سے انہیں درپیش مسائل کے تعلق سے دریافت کیا اور ان مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کا عوام کو تیقن دیا۔ مسٹر راؤ نے سوچھ حیدرآباد کے تعلق سے عوام میں بیداری پیدا کرنے کیلئے اس کی اہمیت و افادیت سے واقف کروایا اور ایم بی ٹی نگر میں سڑکوں کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ ترکاری مارکٹ کا بھی تفصیلی جائزہ لیا اور برسرموقع وزیر آبپاشی مسٹر ٹی ہریش راؤ نے سڑکوں کے مرمتی کام انجام دینے کی عہدیداروں کو ہدایات دیں اور عوام پر بھی زور دیا کہ وہ اپنے مکانات، دکانات اور گلیوں وغیرہ کو صاف ستھرا بنائے رکھیں۔ وزیر موصوف جب ایم بی ٹی نگر کا دورہ کررہے تھے تب عوام نے ہائی ٹینش برقی تاروں سے انہیں درپیش مسائل سے واقف کرواتے ہوئے فی الفور ان برقی ہائی ٹینشن تاروں کی منتقلی عمل میں لانے کیلئے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا۔ وزیر موصوف نے عوام پر زور دیا کہ ہر گھر کیلئے پینے کے پانی کی سربراہی کیلئے نل کنکشن لینے اور پانی کو ضائع نہ ہونے کیلئے احتیاط برتیں اور عوام کے مطالبات پر عاجلانہ اقدامات کرنے کا وزیر تیقن دیا۔