صرف دیڑھ سال میں نواز شریف کے 14 بیرونی دورے

اسلام آباد ۔ 9 ڈسمبر۔( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی پارلیمنٹ کو آج ایک ایسی اطلاع فراہم کی گئی جو یقینا کسی بھی سربراہ مملکت پر درپردہ تنقید کرنے کے مترادف ہے جہاں یہ بتایا گیا ہے کہ اپنے صرف 18 ماہ گڑبڑزدہ دور حکومت کے دوران نواز شریف اب تک نو ممالک بشمول ہندوستان ، چین اور امریکہ کے 14 دورے کرچکے ہیں۔ قومی پارلیمنٹ میں حکمراں جماعت پی ایم ایل (این) کے پروین مسعود بھٹی کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں وزارت اُمور خارجہ نے یہ اعداد و شمار پیش کئے ۔ مسٹر بھٹی یہ جاننا چاہتے تھے کہ نواز شریف کے اتنے زیادہ دوروں کے بعد آخر اس کے کیا مثبت نتائج سامنے آئے اور ملک کو کیا فائدہ ہوا۔ انگریزی اخبار ڈان کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کے صرف سرکاری دوروں کے اعداد و شمار پیش کئے گئے ہیں۔ اُن میں مسٹر شریف کے سعودی عرب اور برطانیہ کے خانگی دوروں کو شامل نہیں کیا گیاہے ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ کرکٹر سے سیاستداں بننے والے عمران خان نواز شریف کے مخالفین میں شامل ہیں جنھوں نے اُن پر یہ کہکر کئی بار تنقید کی ہے کہ ملک کے داخلی مسائل اور بحران کے باوجود وہ یکے بعد دیگرے بیرونی دورے کررہے ہیں جسے ملک کے حالات سے فرار تعبیر کیاجانا چاہئے ۔