صرف دو خربوزے ساڑھے بارہ لاکھ روپے میں فروخت

ٹوکیو۔23 مئی ۔(سیاست ڈاٹ کام) ایک طرف دنیا میں کروڑوں لوگ ایسے ہیں جنہیں زندہ رہنے کیلئے ضروری خوراک بھی دستیاب نہیں تو دوسری طرف جاپان کے ’’یوباری‘‘ (خربوزے) لاکھوں روپے میں بیچے اور خریدے جاتے ہیں۔ حال ہی میں اس قسم کے خربوزوں کیلئے ہوئی نیلامی میں صرف دو خربوزے 1.5 ملین ین (12400 ڈالر یا ساڑھے بارہ لاکھ روپے) میں فروخت ہوئے۔ ’اے ایف پی ‘نے بتایا کہ اعلیٰ قسم کے خربوزوں کا یہ جوڑا جاپان کے شمالی علاقے ہکائیڈو کی ساپورو سینٹرل ہول سیل مارکیٹ میں نیلام ہوا۔ اس سالانہ نیلامی میں 1.5 ملین ین کی سب سے بڑی بولی ایک مقامی ہول سیل ڈیلر نے لگائی ۔ خربوزوں کی اس جوڑی کیلئے دی جانے والی یہ رقم اتنی بڑی ہے کہ اس میں جاپان میں ایک نئی کار خریدی جا سکتی ہے تاہم یہ بولی اس پھل کیلئے گزشتہ سال لگائی جانے والی 2.5 ملین ین کی بولی سے بہرحال کم رہی۔