حیدرآباد۔/8نومبر، ( راست )شعبہ اردو حیدرآباد یونیورسٹی کے زیر اہتمام 9تا13نومبر ایک بین الاقوامی سمینار منعقد کیا جارہا ہے جس میں ایران، پاکستان، بنگلہ دیش، نیپال اور ماریشس کے اسکالرس کے علاوہ ہندوستان کے محققین و نقاد حصہ لے رہے ہیں۔ ابتدائی جلسہ 9نومبر کو 5بجے شام ہیومانٹیز آڈیٹوریم میں ہوگا۔ وائس چانسلر پروفیسر رام کرشنا راما سوامی افتتاح جبکہ صدارت پدم شری مجتبیٰ حسین کریں گے۔ پروفیسرارتدا کریم دہلی یونیورسٹی، پروفیسر روی رنگن سابق صدر شعبہ ہندی حیدرآباد یونیورسٹی مہمانان اعزازی ہوں گے۔ پروفیسر بیگ احساس، پروفیسر امیتابھ گٹا ڈین ہیومانیٹیز اور پروفیسر عبدالشکور سکریٹری؍ ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی مہمانان خصوصی ہوں گے۔ پروفیسر سید مجاور حسین رضوی کا کلیدی خطبہ ہوگا۔ صدر شعبہ اردو پروفیسر کے مظفر علی مہمانوں کا خیرمقدم کریں گے جبکہ ڈاکٹر حبیب نثار ڈائرکٹر سمینار اغراض و مقاصد پیش کریں گے۔ ڈائرکٹر نے ادب دوست و اسکالرس سے سمینار میں شرکت کی خواہش کی ہے۔