کییف۔ 26 اگست (سیاست ڈاٹ کام ) یوکرائن کے صدر پیٹرو پوروشینکو نے کییف میں ملکی پارلیمان تحلیل کرتے ہوئے 26 اکتوبر کو قبل از وقت پارلیمانی الیکشن کے انعقاد کا اعلان کر دیا ہے۔ خبر ایجنسی اے ایف پی نے صدر پوروشینکو کی سرکاری ویب سائٹ پر پیر کو رات گئے کیے گئے اعلان کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ یوکرائن کے صدر نے ویرخوونا رادا کہلانے والی پارلیمان کے اختیارات معطل کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئی پارلیمان 26 اکتوبر کو منتخب کی جائے گی۔ یہ صدارتی اعلان متوقع تھا کیونکہ جولائی میں یوکرائن کی مخلوط حکومت ناکام ہو گئی تھی اور یکم اگست کو صدر پوروشینکو نے کہہ دیا تھا کہ نئے الیکشن اگلے چند مہینوں میں کرائے جائیں گے۔ یوکرائن کو گزشتہ چار ماہ سے اپنے مشرقی حصے میں روس نواز علیحدگی پسندؤں کی مسلح تحریک کا سامنا ہے۔