صدر چین ژی جن پنگ کے تاریخی دورہ ہندوستان کا آج آغاز

بیجنگ / احمد آباد 16 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) چین کے صدر ژی جن پنگ معیشت اور تجارت کو فروغ دینے کے ایجنڈہ کے ساتھ کل ہندوستان کے اولین دورہ پر پہونچ رہے ہیں اور یہ دورہ دونوں ملکوں کے تعلقات میں تاریخی اہمیت کا حامل ہوسکتا ہے ۔ امید کی جا رہی ہے کہ باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں یہ دورہ اہمیت کا حمل ہوگا اور اس کے نتیجہ میں ترقی کیلئے ہندوستان اور چین کے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کرنے کی سمت پیشرفت ہوسکتی ہے ۔ چین کے عہدیداروں وتجزیہ نگاروں نے یہ بات بتائی ۔چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان ہونگ لئی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ صدر پنگ کل سے ہندوستان کا تاریخی دورہ کرنے والے ہیں۔ یہ دورہ دونوں ملکوں کے مابین تاریخی تعلقات کو مستحکم و وسیع کرنے میں معاون ہوسکتا ہے ۔ 61 سالہ ژی جن پنگ نے 1990 کی دہائی میں اس وقت ہندوستان کا دورفہ کیا تھا جب وہ ایک صوبائی عہدیدار تھے لیکن چینی صدر کا گذشتہ سال عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ ان کا اولین دورہ ہندوستان ہوگا ۔ وہ حالیہ وقتوں میں چین کے ایک طاقتور لیڈر بن کر ابھرے ہیں اور وہ چین میں طاقتور کمیونسٹ پارٹی کے جنرل سکریٹری اور فوج کے سربراہ بھی ہیں۔ ان کا یہ دورہ اس لئے بھی اہمیت کا حامل ہے کہ آثار و قرائن سے مسٹر ژی آئندہ دس برس تک چین کے صدر برقرار رہ سکتے ہیں۔ چینی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ان کے دورہ کے موقع پر تجارت میں توسیع اور معیشت کو مستحکم کرنے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا جائیگا ۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ چین اس دورہ کے موقع پر ہندوستان سے تعاون و اشتراک کو بہتر بنانے اور ترقی کے خواب کو آگے بڑھانے کیلئے بھی بات چیت کریگا ۔ احمد آباد سے موصولہ اطلاع کے بموجب صدر چین مسٹر جن پنگ کل یہاں پہونچنے والے ہیں اور شائد وہ کسی اہم بیرونی ملک کے پہلے سربراہ ہونگے جو

گجرات سے اپنا دورہ شروع کرینگے ۔ مسٹر پنگ یہاں تین یادداشت مفاہمت پر دستخط کرنے کے علاوہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ عشائیہ میں شرکت کرینگے ۔ مسٹر ژی پنگ کے دورہ کو ہندوستان کی جانب سے دی جانے والی اہمیت کا اس بات سے پتہ چلتا ہے کہ ائرپورٹ پر خود نریندر مودی چین کے صدر کا استقبال کرینگے ۔ روایت یہ رہی ہے کہ سربراہان حکومت یا ممالک اپنے سرکاری دورہ کا آغاز نئی دہلی سے کرتے ہیں اور اگر ان کے دورہ میں شامل ہو تو دوسرے شہروں کو وہاں سے جاتے ہیں تاہم مسٹر پنگ اپنے دورہ کی شروعات گجرات سے کرینگے ۔ وزیر اعظم مودی آج گجرات پہونچ گئے اور انہوں نے کہا کہ بیرونی سربراہان حکومت کو اپنے دوروں کا دہلی کے باہر سے آغاز کرنا چاہئے اور ہندوستان کے چھوٹے شہروں کو دیکھنا چاہئے تاکہ وہ ہندوستان کی ہمہ جہتی تصویر کو سمجھ سکیں۔ گجرات اور چین کے مابین تین یادداشت مفاہمت پر دستخط ہونگے ۔ صدر چین کے دورہ کیلئے سخت سکیوریٹی انتظامات کئے گئے ہیں ۔ یہاں 7 گھنٹے توقف کے دوران مسٹر جن پنگ مودی کے ساتھ کاروباری اجلاس میں شرکت کرنے کے علاوہ سابرمتی آشرم کا دورہ کرینگے ۔