بیجنگ ۔ 4 مئی (سیاست ڈاٹ کام) صدر چین ژی جن پنگ جاریہ ہفتہ روس کا دورہ کریں گے تاکہ دوسری عالمگیر جنگ کی یادگاری تقریب میں شرکت کرسکیں۔ وزارت خارجہ چین نے اعلان کیا کہ اس سے عالمی جنگ کے دوران مشترکہ قربانیوں کی اہمیت ظاہر ہوتی ہے۔ صدر چین جمعہ سے اتوار تک صدر کا دورہ کریں گے اور اپنی واپسی کے سفر کے دوران قازقستان میں ایک دن توقف کریں گے اور وہاں سے بیلاروس کے تین روزہ دورہ پر روانہ ہوں گے۔ ان کا دورہ روس جاپان کی عالمی منڈیوں میں شکست میں چین کے کردار پر روشنی پڑتی ہے۔ تاریخ کی انتہائی تباہ کن جنگ کے خاتمہ کی 70 ویں سالگرہ منائی جارہی ہے۔ خود چین نے زبردست فوجی پریڈ جاریہ سال کے اختتام پر منعقد کرنے کا منصوبہ بنایا ہے تاکہ جاپانی افواج پر اپنی فتح کی یادگار منا سکے۔ اس کے علاوہ نازیوں اور اس کے حلیف ممالک جاپان اور اٹلی کی شکست کی 70 ویں سالگرہ بھی اس موقع پر منائی جائے گی۔ نائب وزیرخارجہ چین چنگ گوپنگ نے پرزور انداز میں کہا کہ چین اور روس دونوں نے جنگ کے دوران مشترکہ طور پر سخت جدوجہد کی تھی۔ دونوں ممالک نازی جرمنی اور اس کے حلیف ممالک کے خلاف ایک دوسرے حلیف تھے۔ روس میں صدر چین صدر پوتین سے ملاقات کریں گے اور پریڈ کا مشاہدہ کرکے عالمی جنگ کے سورماؤں کو اعزاز عطا کریں گے۔ صدر چین اور صدر روس کے درمیان گہرے شخصی تعلقات قائم ہوگئے ہیں۔ اس سے گذشتہ 25 سال کے دورن دونوں ممالک کے قریبی تعلقات پر روشنی پڑتی ہے۔ سوویت یونین کے زوال کے بعد چین بھی کمیونسٹ دنیا کا قائد قرار پایا ہے لیکن صدر روس ولادیمیر پوتین کے ساتھ چین نے اپنے کشیدہ تعلقات بہتر بنالئے ہیں اور ژی ۔ پوٹین شخصی تعلقات بھی بہترین ہیں۔