صدر ٹی آر ایس کے سی آر تلنگانہ بل پر حصول تائید کیلئے قومی قائدین سے مشاورت میں مصروف

حیدرآباد۔/6فبروری، ( سیاست نیوز) ایسے وقت جبکہ تلنگانہ بل کی تائید اور مخالفت میں نئی دہلی میں سرگرمیاں عروج پر ہیں‘ تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے سربراہ چندر شیکھر راؤ بھی قومی قائدین سے ملاقات کرتے ہوئے تلنگانہ بل کی تائید حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ گذشتہ دو دن سے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کی کارروائی سیما آندھرا ارکان کے احتجاج کے سبب نہیں چل سکی لیکن ٹی آر ایس کے سربراہ پارلیمنٹ کی کارروائی پر توجہ دیئے بغیر تلنگانہ کے حق میں قومی قائدین سے ملاقاتوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے آج بی جے پی کے صدر راجناتھ سنگھ سے ملاقات کی اور پارلیمنٹ میں تلنگانہ بل کی تائید کی اپیل کی۔ پارٹی ارکان پارلیمنٹ جی ویویک اور مندا جگنادھم کے ہمراہ کے سی آر نے راجناتھ سنگھ سے ملاقات کرتے ہوئے علحدہ تلنگانہ ریاست کے قیام کی ضرورت اور تلنگانہ عوام میں پائی جانے والی بے چینی سے واقف کرایا۔ پارٹی ذرائع کے مطابق چندر شیکھر راؤ نے گذشتہ دنوں لوک سبھا میں قائد اپوزیشن سشما سوراج کی جانب سے دیئے گئے اس بیان کا حوالہ دیا جس میں انہوں نے تلنگانہ بل کی تائید کے بجائے کانگریس پارٹی پر دوہرا معیار اختیار کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ کے سی آر نے کہاکہ اس بیان سے تلنگانہ عوام میں بی جے پی کی جانب سے تلنگانہ بل کی تائید کے سلسلہ میں اندیشے پیدا ہورہے ہیں۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ کے سی آر نے راجناتھ سنگھ سے درخواست کی کہ تلنگانہ کے حق میں سابق میں اعلان کردہ موقف پر برقرار رہتے ہوئے پارلیمنٹ میں تلنگانہ بل کی تائید کریں۔ بی جے پی صدر نے انہیں تیقن دیا کہ پارٹی نے علحدہ تلنگانہ مسئلہ پر اپنے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے اور حکومت کی جانب سے بل کی پیشکشی کی صورت میں بی جے پی ضرور تائید کرے گی تاہم انہوں نے سیما آندھرا علاقوں سے مساوی انصاف کیلئے بعض ترمیمات پیش کرنے کا اشارہ دیا۔

کے سی آر نے کہاکہ ان کی پارٹی بھی چاہتی ہے کہ سیما آندھرا عوام کی ضرورتوں کا خیال کرتے ہوئے مرکزی حکومت اس ریاست کیلئے مناسب فنڈز مختص کرے۔ کے سی آر کی راجناتھ سنگھ سے ملاقات اس اعتبار سے بھی اہمیت کی حامل ہے کہ تلگودیشم کے سربراہ چندرا بابو نائیڈو نے کل بی جے پی صدر راجناتھ سنگھ کے علاوہ قائد اپوزیشن سشما سوراج اور وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی سے ملاقاتیں کی تھیں۔ سیاسی حلقوں میں تلنگانہ بل کی تائید کے سلسلہ میں بی جے پی کے موقف میں تبدیلی کی اطلاعات کے دوران چندر شیکھر راؤ نے راجناتھ سنگھ کو تلنگانہ ریاست کے قیام سے متعلق 4کروڑ تلنگانہ عوام کے دیرینہ مطالبہ سے واقف کروایا۔ ملاقات کے بعد کے سی آر نے یقین ظاہر کیاکہ بی جے پی تلنگانہ بل کی تائید کرے گی اور جاریہ پارلیمنٹ سیشن میں تلنگانہ بل ضرور پاس کرلیا جائے گا۔کے سی آر نے تلنگانہ بل کی تائید کے تیقن پر راجناتھ سنگھ سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ عوام کی 60سالہ طویل جدوجہد بہت جلد کامیاب ہوگی۔ کے سی آر کے مطابق راجناتھ سنگھ نے تمام مسائل کی بغور سماعت کی اور تائید کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر سیما آندھرا ارکان کو معطل کرتے ہوئے بل کی منظوری کو یقینی بنانا چاہیئے۔ چندر شیکھر راؤ نے ابھی تک مختلف قومی قائدین سے ملاقاتیں کی ہیں جن میں شرد پوار، لالو پرساد یادو، رام ولاس پاسوان، اجیت سنگھ اور سی پی آئی قائدین اے بی بردھن، ایس سدھاکر ریڈی شامل ہیں۔