واشنگٹن۔30 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) ’واشنگٹن پوسٹ‘ کے مطابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے حکومت میں آنے کے تقریبا 800 دنوں کے اندر 10,000 سے زائد ’غلط اور گمراہ کن‘ دعوے کیے۔’اے ایف پی‘ کے مطابق واشنگٹن پوسٹ کی ایک فیکٹ چیک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان اعداد و شمار کا آغاز 2017 ء کے اوائل میں ریپبلیکن لیڈر کے پہلے سو دنوں سے شروع ہوا۔واشنگٹن پوسٹ کے مطابق ٹرمپ نے اُس وقت روزانہ کے حساب سے پانچ غلط دعوے کیے اور گذشتہ سات مہینوں کے دوران ان دعووں کی تعداد روزانہ 23 تک پہنچ گئی۔یہ ’غلط دعوے‘ صدر ٹرمپ نے ریلیوں، سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر، تقریروں یا میڈیا کا سامنا کرتے ہوئے کیے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان کی جانب سے 22 فیصد غلط بیانات اپنے حامیوں کی ریلیوں میں دیے گیے۔ان اعداد و شمار کے مطابق ان دعوؤں کا ایک قابل ذکر عنصر یہ ہے کہ صدر ٹرمپ نے جھوٹ کا فارمولہ بار بار دہرایا ہے۔واشنگٹن پوسٹ نے کہا ہے کہ گرین بے وسکونسن میں ریلی سے خطاب سے ایک دن پہلے جمعہ کے روز صدر ٹرمپ کے جھوٹے دعوے 10000 تک پہنچے جب انہوں نے یہ دعویٰ کیا کہ اسقاط حمل کے حامی ڈیموکریٹس ان بچوں کو بھی ختم یا مارنے کی حمایت کرتے ہیں جو پیدا ہوئے ہیں۔اسی طرح میڈیا کے بارے میں صدر ٹرمپ کا کہنا ہیں کہ یہ لوگوں کا دشمن ہے اور رواں برس فیکٹ چیکرز کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ ’’ میڈیا کے لوگوں میں سب سے زیادہ بے ایمان لوگ موجود ہیں‘‘۔