واشنگٹن ۔ 25 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) صدر امریکہ ڈونالڈٹرمپ نے وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا دورۂ شمالی کوریا منسوخ کر دیا ہے۔ پومپیو نے ایک روز پہلے ہی یہ اعلان کیا تھا کہ وہ شمالی کوریا کے دورے پر روانہ ہونے والے ہیں۔ ٹویٹر پر ایک پیغام میں ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے پومپیو کو شمالی کوریا کا دورہ منسوخ کرنے کی ہدایت کی ہے کیونکہ اُن کے نزدیک جزیرہ نما کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کے لیے خاطر خواہ اقدامات نہیں اٹھائے جا رہے۔ ٹرمپ نے اپنے ٹویٹ میں مزید کہا کہ پومپیو غالباً چین کے ساتھ امریکی تجارتی تنازعے کے حل کے بعد شمالی کوریا جائیں گے۔
ڈیجوتی کشتی پر معاملت نہ ہو سکی
برسلز۔ 25 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) برسلز میں مہاجرین کی ایک کشتی کے حوالے سے اٹلی کے موقف پر یورپی یونین کا اجلاس کسی نتیجے پر پہنچے بغیر ختم ہو گیا ہے۔ اس سے قبل اطالوی نائب وزیر اعظم نے کہا تھا کہ اگر یورپی یونین نے ڈیجوتی نامی ایک کشتی پر موجود 1500 سے زائد مہاجرین کو قبول کرنے میں معاونت نہ کی تو اٹلی یورپی بلاک کو دی جانے والی رقوم کی ادائیگیاں روک سکتا ہے۔ برسلز اجلاس میں موجود ایک سفارت کار کے مطابق اٹلی کے ساتھ ڈیجوتی کشتی پر موجود مہاجرین کے معاملے پر کوئی معاملت نہیں ہو سکی۔ ڈیچوتی دراصل یورپی یونین کی قیادت میں فرونٹیکس ریسکیو مشن کے تحت فعال ہے۔ اس نے بحیرہ روم میں کارروائی کرتے ہوئے 16 اگست کو 177 مہاجرین کو بچایا تھا۔