حج کوٹہ میں اضافہ کیلئے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی سے نمائندگی کرینگے
حیدرآباد۔/27 فبروری، ( سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی محمد مسیح اللہ خاں کل 28 فبروری کو نئی دہلی میں مرکزی وزیر اقلیتی اُمور مختار عباس نقوی سے ملاقات کرتے ہوئے تلنگانہ کیلئے حج کوٹہ میں اضافہ کی نمائندگی کریں گے۔ وہ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کے مکتوب کے ساتھ نئی دہلی روانہ ہوئے اور یہ مکتوب مختار عباس نقوی کے حوالے کیا جائیگا۔ صدرنشین حج کمیٹی کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد مسیح اللہ خان کا یہ پہلا دورہ دہلی ہے جہاں وہ حج کوٹہ کے سلسلہ میں اضافہ کی مساعی کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال بھی چیف منسٹر اور ڈپٹی چیف منسٹر کی مساعی سے تلنگانہ کیلئے زائد ویٹنگ لسٹ منظور کی گئی تھی۔ حج 2018 کیلئے بھی زائد نشستیں حاصل کرتے ہوئے تلنگانہ کے مزید درخواستوں گذاروں کو عازمین حج کی فہرست میں جگہ دی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختار عباس نقوی سے اپیل کی جائے گی کہ تلنگانہ سے جن درخواست گذاروں نے سفر منسوخ کردیا ہے وہ تمام نشستیں دوبارہ تلنگانہ کو الاٹ کی جائیں۔ اس کے علاوہ مزید زائد نشستیں فراہم کریں۔ مسیح اللہ خان نے کہا کہ ریاست میں جاریہ سال 4066 کا حج کوٹہ الاٹ کیا گیا جبکہ 17130 درخواستیں داخل کی گئیں۔ محفوظ زمرہ کے تحت 508 نشستوں کے انتخاب کے بعد 3558 نشستوں کیلئے قرعہ اندازی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرعہ اندازی کے بعد کئی ہزار درخواست گذاروں کو مایوسی ہوئی۔ وہ مختار عباس نقوی سے خواہش کریں گے کہ وہ اپنے خصوصی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے تلنگانہ کو زائد کوٹہ الاٹ کریں۔ مسیح اللہ خان تلنگانہ حج کمیٹی کی جانب سے جاری تربیت کیمپس میں سے کسی ایک میں شرکت کی مختار عباس نقوی کو دعوت دیں گے۔دہلی میں قیام کے دوران صدرنشین حج کمیٹی درگاہ حضرت نظام الدین اولیاءؒ پر حاضری دیں گے۔