حیدرآباد۔/18ڈسمبر، ( سیاست نیوز) پروفیسر جی چکراپانی نے آج تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے صدرنشین کی ذمہ داری سنبھال لی۔ سکریٹریٹ میں منعقدہ تقریب میں چیف سکریٹری ڈاکٹر راجیو شرما نے چکرا پانی کو عہدہ کا حلف دلایا۔ ان کے علاوہ کمیشن کے نامزد ارکان سی وٹھل، ڈاکٹر بی چندراوتی اور متین الدین قادری نے بھی عہدہ کی ذمہ داری سنبھال لی۔ حلف برداری کی تقریب میں وزیر فینانس ایٹالہ راجندر، وزیر تعلیم جگدیش ریڈی اور دیگر اہم شخصیتیں موجود تھیں۔اس موقع پر ایٹالہ راجندر نے نونامزد صدرنشین کو تہنیت پیش کی بعد میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پروفیسر چکرا پانی نے کہا کہ وہ کسی بھی دباؤ کے بغیر پبلک سرویس کمیشن کی کارکردگی کو شفافیت پر مبنی بنانے کے اقدامات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی بے قاعدگی و بدعنوانی کے بغیر وہ اپنے فرائض انجام دیں گے تاکہ چیف منسٹر نے کمیشن کی تشکیل کے سلسلہ میں جو امیدیں وابستہ کی ہیں انہیں پورا کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کمیشن کی تشکیل کو تلنگانہ ریاست کے بیروزگار نوجوانوں کیلئے خوشخبری تصور کرتے ہیں۔ تلنگانہ حکومت مخلوعہ جائیدادوں پر جلد تقررات کا منصوبہ رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق میں کمیشن میں سرکاری اداروں میں تقررات کے سلسلہ میں جو بے قاعدگیاں ہوئیں اس کے نتیجہ میں تلنگانہ کے نوجوانوں کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2015 کو بیروزگار نوجوانوں کے سال کے طور پر منایا جائے گا۔ ایک لاکھ 7ہزار مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ تقررات کے عمل میں شفافیت اور دیانتداری کو برقرار رکھے۔ انہوں نے کہا کہ سابق میں آندھرا پردیش پبلک سرویس کمیشن بے قاعدگیوں کا مرکز تھا لیکن تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن میں اس طرح کی کوئی گنجائش نہیں رہے گی۔ صدرنشین کمیشن مقرر کئے جانے پر پروفیسر چکرا پانی نے چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اب عثمانیہ یونیورسٹی یا کسی اور یونیورسٹی کے طلبہ کو ملازمتوں کیلئے احتجاج کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ 2015میں مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کا عمل روک دیا جائے گا اور مرحلہ وار انداز میں بھرتی کی جائے گی۔ اسی دوران مختلف سرکاری ملازمین، اساتذہ اور طلبہ تنظیموں کی جانب سے تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن میں صدرنشین اور ارکان کی تہنیتی تقریب منعقد ہوئی جس میں رکن پارلیمنٹ بی سمن کے علاوہ تلنگانہ این جی اوز کے صدر دیوی پرساد اور ڈاکٹر بی آر امبیڈکر یونیورسٹی کے پروفیسرس اور طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
پروفیسر چکرا پانی کا تعلق ڈاکٹر امبیڈکر یونیورسٹی سے ہے اور تلنگانہ تحریک کے آغاز کے بعد سے انہوں نے تحریک میں نمایاں رول ادا کیا۔ تہنیتی تقریب میں رکن پارلیمنٹ سمن نے امید ظاہر کی کہ جس طرح پروفیسر چکرا پانی نے تلنگانہ جدوجہد کے دوران اے پی پبلک سرویس کمیشن میں بے قاعدگیوں کے خلاف جدوجہدکی تھی اسی طرح صدرنشین تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کی حیثیت سے مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کیلئے مساعی کریںگے۔ رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ مختلف محکمہ جات میں مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے حق میں ہیں اور بہت جلد کمیشن تقررات کا عمل شروع کردے گا۔ این جی اوز کے صدر دیوی پرساد نے صدرنشین اور ارکان کو مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ کمیشن کی تشکیل سے نوجوانوں میں پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ ہوگا۔ کمیشن کے نونامزد ارکان سی وٹھل اور ڈاکٹر چندراوتی نے یقین دلایاکہ وہ تلنگانہ عوام کی امیدوں پر کھرا اُترنے کی کوشش کریں گے۔ سی وٹھل کا تعلق تلنگانہ این جی اوز سے ہے اور انہوں نے تحریک میں اہم رول ادا کیا تھا۔ ڈاکٹر چندراوتی سابق رکن اسمبلی ہیں۔ وہ سی پی آئی سے تعلق رکھتی تھیں تاہم انتخابات سے قبل انہوں نے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی۔