حافظ بابا نگر میں عوام سے معمول کی ملاقات کے دوران قلب پر حملہ ، پرسہ دینے والوں کا اژدھام
حیدرآباد۔ 31 مارچ (سیاست نیوز) غازیٔ ملت الحاج محمد امان اللہ خاں مرحوم بانی مجلس بچاؤ تحریک کے فرزند اکبر ڈاکٹر محمد قائم خاں کا آج شب قلب پر شدید حملے کے باعث انتقال ہوگیا۔ ڈاکٹر قائم خاں صدر مجلس بچاؤ تحریک گزشتہ تین دہوں سے عوام کے درمیان متحرک عوامی قائد کی حیثیت سے جانے جاتے تھے اور انہوں نے ایک سے زائد مرتبہ انتخابات میں حصہ لیا تھا۔ آج شب جب وہ حافظ بابا نگر میں عوام کے درمیان موجود تھے، اچانک سینہ میں تکلیف کی شکایت کی جس کی اطلاع ملتے ہی جناب مجیداللہ خاں فرحت ترجمان مجلس بچاؤ تحریک اور جناب امجداللہ خاں خالد بابا نگر پہونچے اور انہیں یشودھا ہاسپٹل، ملک پیٹ منتقل کیا جہاں ڈاکٹرس نے طبی معائنے کے بعد اس بات کی تصدیق کی کہ ڈاکٹر قائم خاں کی روح قفس عنصری سے پرواز کرچکی ہے۔ صدر تحریک کے انتقال کی اطلاع شہر میں تیزی کے ساتھ پھیل گئی اور کیفیت جاننے اور پرسہ دینے والوں کا اژدھام یشودھا ہاسپٹل پر جمع ہوگیا جہاں عوامی جذبات پر قابو پانے میں پولیس کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ انتقال کی اطلاع کے ساتھ ہی شہر کی معزز شخصیتوں کا دواخانہ پر ہی تانتا بندھ گیا۔ مرحوم کے جسد خاکی کو یشودھا ہاسپٹل سے ان کے مکان واقع چنچل گوڑہ منتقل کیا گیا جہاں عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔ مرحوم صدر تحریک کے برادران جناب مجیداللہ خاں فرحت، جناب مظفراللہ خاں شفاعت،ڈاکٹر مجاہداللہ خاں، جناب امجد اللہ خاں خالد سے محبان تحریک کی کثیر تعداد نے اظہار تعزیت کیا۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو فرزندان و دختران شامل ہیں۔ اطلاع ملتے ہی جناب مختار احمد خاں برادر جناب ممتاز احمد خاں رکن اسمبلی یاقوت پورہ نے مرحوم کے مکان پر پہنچ کر پسماندگان سے اظہار تعزیت کیا۔ ڈاکٹر قائم خاں اپنی منکسرالمزاجی اور بردباری کے سبب نہ صرف چنچل گوڑہ بلکہ حلقہ اسمبلی چندرائن گٹہ کے عوام میں زبردست مقبول تھے۔ آج شام بھی انہوں نے اپنے حلقہ کے عوام سے معین باغ میں واقع تحریک کے دفتر میں ملاقات کرتے ہوئے مسائل سے آگہی حاصل کی۔ تقریباً 11 بجے شب اچانک سینہ میں تکلیف کی شکایت پر انہیں یشودھا ہاسپٹل منتقل کیا گیا تھا جہاں ڈاکٹرس نے طبی معائنے کئے۔ ترجمان تحریک جناب مجید اللہ خاں فرحت نے بتایا کہ نماز ِ جنازہ و تدفین کے متعلق افرادِ خاندان سے مشاورت کے بعد اعلان کیا جائے گا۔ مرحوم کے بہنوئی جناب لیاقت علی خاں نے شکاگو سے ڈاکٹر قائم خاں کے انتقال پر اپنے گہرے دکھ کا اظہار کیا۔