ایر کرافٹ میوزیم وشاکھاپٹنم کا افتتاح و دیگر ترقیاتی اقدام کا سنگ بنیاد
حیدرآباد۔/6 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) صدر جمہوریہ ہند مسٹر رام ناتھ کووند 7اور 8ڈسمبر کو ریاست آندھرا پردیش کا دو روزہ دورہ کریں گے۔ باوثوق سرکاری ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ 7 ڈسمبر کو صدر جمہوریہ ہند ٹھیک ڈھائی بجے دوپہر خصوصی طیارہ کے ذریعہ ایر پورٹ وشاکھاپٹنم پہنچیں گے اور بعد ازاں مختصر آرام کے بعد ’ ایر کرافٹ میوزیم ‘ وشاکھاپٹنم کا افتتاح کریں گے۔وہاں سے صدر جمہوریہ ہند آندھرا یونیورسٹی کیمپس روانہ ہوں گے جہاں وہ آندھرا یونیورسٹی میں ’ ای کلاس روم‘ کامپلکس عمارت کی تعمیر کیلئے اور اینکیوبیشن سنٹر کیلئے سنگ بنیاد رکھنے کی رسم انجام دیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ آندھرا یونیورسٹی آمد کے سلسلہ میں آندھرا یونیورسٹی کیمپس کو خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا ہے کیونکہ گزّشتہ 33 سال کے طویل عرصہ کے بعد صدر جمہوریہ ہند آندھرا یونیورسٹی کا دورہ کررہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ سال 1978 میں اسوقت کے صدر جمہوریہ ہند ڈاکٹر نیلم سنجیوا ریڈی نے آندھرا یونیورسٹی کا دورہ کیا تھا اور پھر سال 1984 میں اسوقت کے صدر جمہوریہ ہند ڈاکٹر گیانی ذیل سنگھ نے آندھرا یونیورسٹی کا دورہ کیا تھا جبکہ سال2006 میں اسوقت کے صدر جمہوریہ ہند ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام نے وشاکھاپٹنم کا دورہ کیا تھا لیکن وہ آندھرا یونیورسٹی کا دورہ نہیں کرسکے۔ بتایا جاتا ہے کہ وائس چانسلر آندھرا یونیورسٹی پروفیسر جی ناگیشور راؤ نے گذشتہ دنوں جب دہلی پہنچ کر صدر جمہوریہ ہند مسٹر رام ناتھ کووند سے خیرسگالی ملاقات کی تھی تب آندھرا یونیورسٹی کی 91 سالہ کارکردگی سے واقف کرواتے ہوئے ان سے آندھرا یونیورسٹی کے مجوزہ پروگرامس میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے بتایا تھا کہ خود نائب صدر جمہوریہ ہند مسٹر ایم وینکیا نائیڈو بھی ـآندھرا یونیورسٹی کے طالب علم رہ چکے ہیں۔ اسی دوران صدر جمہوریہ ہند مسٹر رام ناتھ کووند نے بھی آندھرا یونیورسٹی سے اپنی وابستگی کا تذکرہ کرتے ہوئے وائس چانسلر آندھرایونیورسٹی پروفیسر جی ناگیشور راؤ کو بتایا کہ سال 2002 تا 2005 کے دوران پروفیسر سمھادری وائس چانسلر تھے تب میں نے بحیثیت رکن پارلیمان آندھرا یونیورسٹی کا دورہ کیا تھا لیکن اب میں صدر جمہوریہ کی حیثیت سے آندھرا یونیورسٹی کا دورہ کروں گا۔ مسٹر رام کووند نے وائس چانسلر کو مزید بتایا کہ میں جب بہار میں گورنر کے عہدہ پر فائز تھا تب پروفیسر وائی سی سمھادری نے پٹنہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے عہدہ پر خدمات انجام دی تھیں۔ علاوہ ازیں صدر جمہوریہ نے آندھرا یونیورسٹی وشاکھاپٹنم میں مجوزہ مرتب کئے جانے والے پروگراموں میں شرکت کرنے کا تیقن دیا تھا۔ ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ صدر جمہوریہ بحیثیت سربراہ تینوں ہندوستانی مسلح افواج آندھرا یونیورسٹی میں سنٹر فار ڈیفنس اسٹڈیز کے قیام کا اعلان بھی کریں گے۔ علاوہ ازیں آندھرا یونیورسٹی میں ایک ’ ڈیفنس چیر ‘ بھی قائم کئے جانے کا قوی امکان ہے۔ رام ناتھ کووند 8 ڈسمبر کو صبح 8 آئی این ایس پریڈ گراؤنڈ میں منظم کئے جانے والے ’ کلر پریزنٹیشن پروگرام ‘ میں حصہ لیں گے۔ بعد ازاں ساڑھے دس بجے دن وشاکھاپٹنم ایر پورٹ سے دہلی کیلئے روانہ ہوں گے۔