صدر جمہوریہ کی سعودی عرب کو قومی دن پر مبارکباد

نئی دہلی ۔ 22 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے آج سعودی عرب کے عوام کو ان کے قومی دن کے موقع پر مبارکباد پیش کی جو کل مقرر ہے اور اعتماد ظاہر کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون میں اضافہ ہوگا۔ ملک سلمان بن عبدالعزیز السعود فرمانروائے سعودی عرب کو اپنے ایک پیام مبارکباد میں پرنب مکرجی نے اعتماد ظاہر کیا کہ دونوں ممالک کے تعاون میں اضافہ ہوگا۔ اپنے پیام میں خادم حرمین شریفین سے صدرجمہوریہ نے کہا کہ ہندوستان اپنے قریبی اور دوستانہ تعلقات کی جو سعودی عرب سے ہیں، انتہائی قدر کرتا ہے۔ یہ تعلقات مشترکہ مفادات اور عوام سے عوام کے مستحکم روابط پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کثیر جہتی دفاعی تعلقات میں مسلسل ترقی ہوئی ہے۔ تمام شعبوں اور باہمی تعلقات میں اس ترقی کی وجہ سے باقاعدہ اعلیٰ سطحی سیاسی تبادلوں اور تجارتی روابط میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہیکہ یہ تعاون آئندہ برسوں میں جاری رہے گا جس سے دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ پہنچے گا۔