صدر جمہوریہ نے پدما ایوارڈس عطا کئے

نئی دہلی 31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ممتاز سائنسداں آر اے مشیلکر کو آج ہندوستان کا دوسرا اعلی ترین سیویلین ایوراڈ پدما وبھوشن عطا کیا گیا۔ نامور فنکار کمل ہاسن اور صف اول کے شٹلر پی گوپی چند ان 12 شخصیات میں شامل ہیں جنہیں صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے پدما بھوشن ایوارڈ عطاکئے ۔ ایوارڈ حاصل کرنے والی اداکار ودیا بالن ،ہندوستانی خواتین کبڈی ٹیم کے کوچ سنیل دباس اور فنکار سدرشن پٹنائک کارکن جواہر لعل کول ان 35 اشخاص میں شامل ہیں جنہیں راشٹرپتی بھون کے دربار ہال میں منعقدہ تقریب میں پدم شری ایوارڈس عطا کئے گئے تقریب میں دیگر اہم شخصیات کے علاوہ نائب صدر جمہوریہ محمد حامد انصاری ،وزیر اعظم منموہن سنگھ ان کی شریک حیات گرشرن کور ،مرکزی وزراء سشیل کمار شنڈے ، پی چدمبرم ،شرد پوار ،سری پرکاش جیسوال اور چیف الیکشن کمشنر وی ایس سمپت شامل تھے۔صدر نشین یوپی اے سونیا گاندھی اپوزیشن قائدین اور دیگر سیاسی پارٹیوں کے قائدین موجود نہیں تھے ۔ موجودہ کنکریٹ ٹکنالوجی کے استعمال کی راہیں کھولنے والے انومولو رام کرشنا کو بھی بعد از مرگ پدما بھوشن ایوارڈ دیا گیا ۔ 69 سال کول کو جنہوں نے نابینا افراد کی رضا کارانہ خدمت کی ہے صدر جمہوریہ نے شہ نشین سے اتر کر پدم شری ایوارڈ عطا کیا۔