امراوتی۔/27ڈسمبر، ( پی ٹی آئی) صدر جمہوریہ رامناتھ کووند نے آج آندھرا پردیش فائبر گرڈ پراجکٹ کا افتتاح کیا جو ساری ریاست میں برائے نام شرح پر ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ کی دستیابی کو سہل بنائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہمیشہ آن لائن اور آن ٹائم دستیاب رہے گی اور ٹکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے عوام کی خدمت کیلئے متحرک بھی رہے گی۔ صدر نے یہاں سکریٹریٹ میں اس پراجکٹ کا افتتاح کرنے کے بعد اپنے خطاب میں کہا کہ 24×7 نہایت مربوط دنیا میں حکومتوں اور نظم و نسق کو چوبیسوں گھنٹے فعال رہنا پڑتا ہے ۔ انہیں آن لائن دستیاب رہنا ہوگا اور ہر وقت عوام کی خدمت کیلئے تیار رہنا پڑیگا۔ ٹکنالوجی اس کام میں اُن کی مدد کرتی ہے۔ اس دوران انڈین اکنامک اسوسی ایشن کی کانفرنس میں صدر جمہوریہ کووند اپنی تقریر کے دوران چند لمحوں کیلئے رُک گئے جب انہوں نے نوٹ کیا کہ ان کے خطاب کے دوران مندوبین میں غذائی پیاکٹس کی تقسیم عمل میں لائی جارہی ہے جس سے سامعین کی توجہ ہٹ رہی تھی۔ انہوں نے منتظمین کو توجہ دلائی اور پھر اپنا خـطاب جاری رکھا۔