پرنب مکھرجی کو چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ کا مکتوب
حیدرآباد ۔ 23 ۔ جون : ( پی ٹی آئی ) : چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی سے خواہش کی کہ وہ 3 جولائی کو نلگنڈہ ضلع کے یادگیر گٹہ میں عوامی بھلائی کے پروگرام ہریتا ہارم کا افتتاح انجام دیں ۔ صدر جمہوریہ کے نام ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے چندر شیکھر راؤ نے صدر جمہوریہ سے اس پروگرام کے افتتاح کی خواہش کی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اگر صدرجمہوریہ شرکت کرتے ہیں تو اس پروگرام کو مزید اہمیت حاصل ہوجائے گی ۔ یہ دراصل ریاست کو سرسبز و شاداب بنانے کے لیے شجرکاری پر مبنی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صدر جمہوریہ اس کا افتتاح کریں تو سماج کے تمام طبقات اس پروگرام میں جذبہ کے ساتھ حصہ لیں گے ۔ چندر شیکھر راؤ نے اپنے مکتوب میں کہا کہ حکومت نے ریاست میں سرسبز و شاداب علاقہ کو بڑھانے اور درخت اگانے کے مقصد سے یہ بڑا پروگرام شروع کیا ہے ۔ حکومت چاہتی ہے کہ اس پروگرام کے ذریعے ماحولیاتی توازن قائم رکھا جائے ۔ حکومت اس پروگرام کے ذریعے آئندہ تین برسوں میں 230 کروڑ پودے لگانا چاہتی ہے ۔ جاریہ سال حکومت نے 39.60 کروڑ پودے تیار کئے ہیں اور جولائی کے پہلے ہفتے سے ان کی شجرکاری کا سلسلہ شروع ہوجائے گا ۔ اس پروگرام کا مقصد ریاست میں جنگلاتی علاقہ کو وسعت دینا ہے ۔