نئی دہلی۔30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کل ہفتہ کو راشٹرپتی بھون میں رانی مکرجی کی ہٹ فلم ’ہچکی‘ کی خصوصی نمائش سے لطف اندوز ہوں گے۔ یہ فلم گزشتہ جمعہ کو ریلیز کی گئی، اس میں رانی نے ٹیچر نائنا ماتھر کا کردار ادا کیا ہے۔ یہ سدھارت ملہوترا کی ہدایت کاری کی پہلی فلم ہے جسے ناظرین کی طرف سے پذیرائی مل رہی ہے۔ فلم کی مرکزی کردار
Tourette’s Syndrome
سے دوچار ہے۔ فلم کے ذریعہ ایک سماجی پیغام دینے کی کوشش کی گئی ہے جو ہر عمر کے لوگوں کے لیے مفید ہوسکتا ہے۔ فلم ہچکی کے لیے یہ بڑے فخر کی بات ہے کہ اسے کوئی اور نہیں بلکہ صدر جمہوریہ ہند کی توجہ حاصل ہوئی جو ہفتہ کو یش راج فلمس کے بینر تلے بنی ہندی فلم کا مشادہ کریں گے۔ پروڈیوسر منیش شرما نے کہا کہ فلم کی اسکریننگ کے لیے صدر کی میزبانی کرنا پوری ٹیم کے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے اور یہ موقع سب کے لیے یادگار رہے گا۔